Thursday, March 28, 2024
ہوماسلام آبادتھانہ آئی نائن، بنی گالہ میں قتل میں ملوث 5ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن

تھانہ آئی نائن، بنی گالہ میں قتل میں ملوث 5ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن

اسلام آباد، ایس ایس پی انویسٹی گیشن اسلام آباد عطا الرحمان نے کہا کہ وفاقی دارلحکومت میں زمین کے تنازع پر گزشتہ دنوں قتل کی دو وارداتوں میں ملوث 5ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ، دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا، فائرنگ میں ملوث تمام ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے ، گزشتہ 20روز میں کار چوری میں ملوث تین گینگ کے 10ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ، شہر میں کار اور موٹرسائیکل چوری کے واقعات میں کمی آئی ہے ۔ وہ جمعہ کو یہاں ریسکیو 15 میں پولیس کے اعلی افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے ۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن عطا الرحمان نے کہا کہ تھانہ آئی نائن اور بنی گالہ کی حدود میں قتل کے واقعات پر پولیس کی دو ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں ،قتل میں ملوث ملزمان میں سے پانچ کو گرفتار کر لیا گیا ہے ، زمین کے تنازعہ پر قتل کے واقعات رونما ہوئے ہیں،دونوں واقعات میں تین افراد کا مارا جانا پولیس کیلئے چیلنج تھا۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ میں ملوث تمام افراد کی شناخت کر لی گئی ہے، مزید تفتیش جاری ہے،دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ایس ایس پی نے کہا کہ اینٹی کار لفٹنگ سیل نے خصوصی مہم شروع کی ہے، اے ایس پی حنا کی زیر نگرانی پنجاب اور کے پی میں کاروئیاں کی گئی ہیں، بیس روز کے اندر کار چوری میں ملوث تین گینگ کے دس ملزمان کوگرفتار کیا جا چکا ہے، گرفتار ملزمان سے تین کروڑ 57لاکھ مالیت کی 22گاڑیاںاور 25 موٹر سائیکل برآمدکئے گئے ہیں ، ملزمان کا تعلق کے پی اور پنجاب کے علاقوں سے ہے ،پکڑی جانے والی گاڑیاں اور موٹر سائیکل جلد مالکان کے حوالے کی جائینگی۔