Friday, March 29, 2024
ہومپاکستاناسپیکر قومی اسمبلی سے ایم ڈی بیت المال اور سابق ائیر چیف کی ملاقات

اسپیکر قومی اسمبلی سے ایم ڈی بیت المال اور سابق ائیر چیف کی ملاقات

اسلام آباد،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ غریب، نادار اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو معاشرے میں جائز مقام دلانا اور انکو مساوی حقوق فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عالم آباد ویلفیئر کمپلیکس صوابی میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اور منفرد منصوبہ ہے ،جس کی تکمیل سے صوابی اور اس سے ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے غربا،نادار، اور متوسط طبقات کی بحالی اور ان کو صحت، تعلیم اور ہنر جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر ظہیر عباس کھوکھر اور سابق ایئر چیف مارشل سہیل امان سے ہونے والی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عالم آباد ویلفیئر کمپلیکس صوابی کے قیام میں پاک فضائیہ اور راشد میموریل ٹرسٹ کا کردار قابل تعریف ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ عالم آباد ویلفیئر کمپلیکس نا صرف صوابی بلکہ پورے صوبے کے بے سہارا ، یتیم بچوں، بیواں اور معاشرے کے دیگر نادار خاندانوں کو رہائش کے ساتھ ساتھ صحت ، تعلیم اور ہنر کے مواقع فراہم کرے گا۔اسپیکر نے مزید کہا کہ پاکستان بیت المال کی جانب سے غربا کیلئے مف علاج معالجے کی فراہمی اور پاکستان سویٹ ہومز میں یتیم بچوں کو تعلیم اور صحت جیسی بنیادی اور ضرروی سہولیات کی فراہمی انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔مینجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال اور سابق ریٹائرڈ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی یتیم ،بیواون اور متوسط طبقات کی بحالی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔ سابق ائیر چیف سہیل امان نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی خصوصی دلچسپی کی بدولت صوابی میں سب سے بڑے فلاحی منصوبے عالم آباد ویلفیئر کمپلیکس کی تکمیل آخری مرحلے میں ہے جس کا جلد افتتاح کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ صوابی میں عالم آباد ویلفیئر کمپلیکس کا قیام صوابی سمیت صوبہ بھر میں غربا ، یتیم اور متوسط طبقات کی بحالی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نادار اور یتیم بچون کو تعلیم سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں کام کرنے کے لیے ہنر سیکھایا جائے گا تاکہ وہ معاشرے میں ایک باوقار شہری کے طور پر اپنی زندگی گزارنے کے قابل بن سکے۔