Thursday, March 28, 2024
ہومکالم وبلاگزسی ڈی اے یونین کے انتخابات

سی ڈی اے یونین کے انتخابات

تحریر: شہنازتاتاری
1958 میں نئے دارالحکومت کے لئے موزوں جگہ کے تعین کے لئے ایک کمیشن قائم کیا گیا۔سابق صدر جنرل یحییٰ خان کمیشن کے چیئرمین تھے۔ کمیشن نے 1959میں موجودہ اسلام آباد کو اس مقصد کے لئے منتخب کیا۔ یونانی ماہرین تعمیرات کی ایک فرم Konstantions Apostolos Doxiadis نے نئے شہر کی منصوبہ بندی کی۔ 14 جون 1960 میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارتی کا قیام عمل میں آیا۔کیپٹیل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)اسلام آباد کے شہری امور کا اہم ترین ادارہ ہے جو اسلام آباد کی تزئین و آرائش ، شہر کی صفائی اور نئے سیکٹرز کی منصوبہ بندی کا ذمہ دار ہے۔ اس کے پہلے چیئرمین جنرل یحییٰ خان تھے۔ نئے شہر کی بنیاد رکھنے والوں نے بہت اچھے فیصلے کئے ۔ مثلا تانگے، ریڑھے، رکشے پر پابندی لگائی۔ گائے بھینس اور حتی کہ مرغیاں رکھنا بھی ممنوع قرار دیا۔سی ڈی اے کے پہلے چیئرمین سابق صدر یحییٰ خان تھے جو اس وقت پاک فوج میں بطور بریگیڈیئر کام کررہے تھے ۔سی ڈی اے کے مرکزی دفتر کے لئے G-7 کا انتخاب کیا گیا ۔سی ڈی اے کے ملازمین نے اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے ادارے میں لیبر یونین قائم کی جس میں گریڈ ایک سے لیکر گریڈ 15 تک کے ملازمین شامل ہیںجو ہر دو سال بعد اپنے نمائندوں کا انتخاب کرتے ہیں۔رفتہ رفتہ سی ڈی اے یونین اسلام آباد کی شہری اور دیہی سیاست میں اہم مقام حاصل کرتی گئی اور سی ڈی اے یونین کا سربراہ اب اسلام آباد کی طاقتور سیاسی شخصیات میں شمار ہوتا ہے۔1970 کے اوائل سے سی ڈی اے یونین کا الیکشن اسلام آباد کی اہم ترین سیاسی سرگرمی شمار ہوتی ہے اور اس کے لئے مزدور طبقے کی قدآور شخصیات میدان میں اترتی رہیں جنہوں نے نہ صرف سی ڈی اے ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لئے کام کیا بلکہ اسلام آباد شہر کی فلاح و بہبود، سماجی سرگرمیوں اور سیاست میں بھی اہم کردار ادا کیا۔سردار اقبال ڈوگر، غلام مصطفی ، فرحت کمال پاشا،بخشیش مسیح، شفیع گوریلا،طارق زیب کاکا خیل،چوہدری اشرف،امان اللہ اور افتخار بخاری سمیت کئی اہم مزدور رہنما سی ڈی اے میں لیبر یونین سیاست کے نقیب بن کے ابھرے۔انہیں اہم رہنمائوں میں ایک نمایاں ترین رہنما چوہدری محمد یسین کا ہے۔جنہوں نے سات مرتبہ یونین کے سیکرٹری جنرل کے طورپر کامیابی حاصل کی اور ایک ریکارڈ قائم کیا۔میں ایک قومی روزنامہ کی رپورٹنگ کے دوران اسلام آباد شہر کی بیٹ رپورٹر تھی اور سی ڈی اے مزدور یونین کی سرگرمیوں کی کوریج بھی میرے ذمہ تھی۔1978 سے لیکر آج تک اپنی صحافتی ذمہ داریوں میں چوہدری محمد یسین کے کردار ، ان کی مزدور دوستی اور سیاسی طور پر ان کی کامیابیوں کی عینی شاہد ہوں۔گزشتہ ہفتہ ہونے والے سی ڈی اے ریفرنڈم میں سی ڈی اے مزدور یونین چوہدری محمد یسین گروپ نے میدان مار لیا،ریفرنڈم میں چوہدری محمد یسین گروپ انتخابی نشان چاند ستارہ نے 6427ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل ایمپلائز یونین پاشا گروپ انتخابی نشان پھول نے 3863ووٹ حاصل کئے۔جیت کے موقع پر ستارہ مارکیٹ میں جشن کا سماں تھا،مزدوروں سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد یسین ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ آج کی جیت مزدوروں کی جیت ہے اور مزدور دشمن ٹولے کا سی ڈی اے کے غیور ملازمین نے صفایا کر دیا ہے۔چوہدری محمد یسین کا کہنا تھا کہ اب انشا اللہ پہلے کی طرح اب بھی مزدوروں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کروائیں گے اور انشا اللہ آئندہ چند دنوں میں پلاٹوں کی قرعہ اندازی کروائی جائے گی۔