shehbaz sharif 7

عمران نیازی نے عوام کو خود کشی پر مجبور کر دیا ہے،شہباز شریف

لاہور (آئی پی ایس )مسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کو فوری طور پر پٹرولیم اور ایل پی جی مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ واپس لینا چاہئے، عمران نیازی آئی ایم ایف چلے گئے، خود کشی بھی نہیں کی لیکن عوام کو خودکشی پر مجبور کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کے ہفتہ وار بم گرا کر عوام سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا ہے ، ایک طرف ڈالر کا بے قابو جن ہے تو دوسری طرف ظالم حکومت مہنگائی کی چھری سے عوام کا گلا اور جیب کاٹ رہی ہے ، ظالم حکمرانوں سے عوام پر مہنگائی کا ظلم کرنے کا اختیار چھیننا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اندھی حکومت اندھا دھند مہنگائی کرتی ہے اور پھر کہتی ہے کہ عوام خوشحال ہو رہے ہیں ، یہ وہ لوگ ہیں جو قوم کو 46 روپے لٹر پٹرول دینے کے سبز باغ دکھاتے رہے اور اب مسلسل مہنگائی سے قوم کا تیل نکال رہے ہیں ، ظالم حکمرانوں سے نجات سے ہی مہنگائی کا طوفان روکا جاسکتا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پٹرولیم اور ایل پی جی مصنوعات میں اضافے کا مطلب آٹے چینی بجلی گیس سمیت ہر چیز کی قیمت بڑھانا ہے ، ہر روز قیمتوں میں اضافے سے ثابت ہو رہا ہے کہ حکومت نے جعلی اور جھوٹا بجٹ قوم پر مسلط کیا ، عوام بس ہوچکی ہے، یہ ظلم وہ مزید برداشت کرنے کے قابل نہیں ، قوم پر رحم کیا جائے، عوام دو وقت کی روٹی سے محتاج ہو چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

رائے کا اظہار کریں