Thursday, March 28, 2024
ہومپاکستانحکومت معیشت کا نائن الیون کرچکی ،شہباز کی مہنگائی پر کڑی تنقید

حکومت معیشت کا نائن الیون کرچکی ،شہباز کی مہنگائی پر کڑی تنقید

لاہور،پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے گیس کی قیمتوں میں 35 فیصد اضافے کی اطلاعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت معیشت کا نائن الیون کرچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور (ن)لیگ کے صدر میاں شہباز شریف نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی اطلاعات پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کا بجٹ تھا، حکومت اس کی شرائط پوری کر رہی ہے، حکومت نے قوم سے ٹیکس فری بجٹ کا جھوٹ بولا تھا،جبکہ ہم نے جو کچھ کہا آج سچ ثابت ہو رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کہاتھا کہ بجٹ کے بعد مہنگائی اور ٹیکسوں کا نیا سیلاب آئے گا، حکومت نے ہماری بات سچ ثابت کی ، گیس کی قیمتوں میں اضافہ بلاجواز اور حکومت کی ایک اورسنگین حماقت ہے ۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ عوام میں مزید مہنگائی برداشت کرنے کی ہمت اور سکت نہیں، ظلم در ظلم بند کیاجائے ،جبکہ عمران نیازی اپنی پے درپے حماقتوں سے ملک میں خانہ جنگی کرانے پر تلے ہیں۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ پہلے ہی گیس اور بجلی کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ ہوچکا ہے ، قیمتوں میں مزید اضافہ سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ مسئلہ حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن ہے ۔سابق وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مسئلے کا حل ہوتا تو بجلی کے بعد گیس کا گردشی قرض قوم کے گلے نہ پڑتا ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی زندگی مزید جہنم بن جائے گی جبکہ گیس کی قیمت بڑھنے سے روٹی کی قیمت بڑھے گی اور عوام کے بل مزید بڑھ جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی کہاتھا کہ حکومت معیشت کا نائن الیون کرچکی ہے، اب مہنگائی سے قوم کا تورا بورا بنا رہی ہے ، مہنگائی جس رفتار سے کی جارہی ہے یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کو معیشت کی الف ب بھی معلوم نہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ قوم کو مہنگائی سے مارنے کا گناہ کرنے کے بجائے عمران نیازی گھر چلے جائیں، آٹا چینی گھی دوائی بجلی گیس سمیت ہر چیز مہنگائی کی حدیں توڑ چکی ہے، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے اور غریب کا جینا حرام ہوگیاہے۔