Friday, March 29, 2024
ہوماوورسیزبھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی کشمیریوں کیساتھ زیادتی ہے، شہر یار آفریدی

بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی کشمیریوں کیساتھ زیادتی ہے، شہر یار آفریدی

ڈیلاس ، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا کہ جموں کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی نہتے کشمیریوں کے ساتھ زیادتی ہے، کشمیریوں کے ساتھ جانوروں سے بھی بدتر سلوک کیا جا رہا ہے، کوویڈ سے متاثرہ چار ہزار کشمیریوں کیلئے وہاں ایک ڈاکٹر ہے جبکہ ہر 9کشمیریوں پر بھارتی حکومت نے ایک فوجی مسلط کر رکھا ہے، ہم بھارت کے انسانیت سوز مظالم پر چپ نہیں رہیں گے، کشمیر کمیٹی عالمی سطح پر متحرک ہو چکی ہے، ہم دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھائیں گے،معاشی فوائد یا تعلق کو انسانیت پر فوقیت نہیں دی جا سکتی۔ وہ ریاست ڈیلاس کے شہر ڈیلس میں فرینڈز آف کشمیر کے تحت ایک غیر رسمی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
شہریار خان آفریدی کی آمد پر چیئرپرسن فرینڈز آف کشمیر غزالہ حبیب، اور عرفان فضل اور پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے صدر عابد ملک نے انکا استقبال کیا اور انہیں ڈیلس آمد پر خوش آمدید کہا۔ تقریب کے آغاز پر حاضرین نے چئیرمین قومی کشمیر کمیٹی سے اپنا اپنا تعارف کرایا جس پر شہریار آفریدی نے کہا کہ یہ ان کی خوش نصیبی ہے کہ وہ آج ڈیلس کے کشمیر پرست سنجیدہ لوگوں میں موجود ہیں۔ تقریب میں نوجوان کشمیریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی جنہیں دیکھ کر شہریار آفریدی نے اپنے خطاب کو ان نوجوانوں کی نذر کرتے ہوئے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہمارے نوجوان بچے مسئلہ کشمیر کے مسئلے کو سمجھیں اور اس کے لئے اپنی اپنی سطح پر جد و جہد کریں۔ شہریار خان آفریدی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کشمیر کمیٹی کو فری ہینڈ دیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ یہ کمیٹی اور مجھ سمیت اس کے تمام ارکان متحرک رہیں گے اور کوششوں کا دائرہ کار عالمی سطح تک وسیع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہماری زندگی کا مقصد انسانیت ہے اور ہم کشمیر میں بھارتی مظالم پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہمارے لئے ٹریڈ نہیں انسانیت مقدم ہے۔ پاکستان سمیت دنیا میں کہیں غیر مسلم کے ساتھ کہیں زیادتی ہو جائے پوری عالمی برادری آسمان سر پہ اٹھا لیتی ہے، وہاں روز نہتے کشمیریوں پر بھارت انسانیت سوز مظالم کر رہا ہے کسی کے کان پر جوں نہیں رینگتی۔ یہ انسانیت کے اصولوں کے خلاف ہے۔ گوگل اور دیگر سوشل فورمز پر بھارت کا اثر رہا ہے، وہاں جو بھی معلومات ہیں یکطرفہ اور حقائق کے بر خلاف ہیں لیکن ہم نے اپنی انتہائی قابل اور تعلیم یافتہ ٹیم کے زریعے کانٹر کرنا شروع کر دیا ہے۔ اب یکطرفہ ٹریفک نہیں چلے گی۔ سویت یونین ہو یا افغانستان میں امریکی جنگ ہم نے ہر قدم پر امریکہ اور عالمی دنیا کا سارتھ دیا بدلے میں 80 ہزار سے زائد پاکستانی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گئے پاکستان کی معیشت کو ایک سو پچاس ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔ کشمیر میں نہ بچوں کی عزتوں محفوظ ہیں اور نہ ہی ضعیف العمر خواتین کی، وہاں حالیہ ایسے واقعات گواہ ہیں لیکن عالمی دنیا ہماری بات سننے کو تیار نہیں، اقوام متحدہ نصف صدی سے کشمیر ہر اپنی قرار داد پر عملدرآمد پر ناکام ہے، کسی کے معاشی مفادات ہیں تو کسی کے مزہبی۔ انکا انسانیت کا درس صرف غیر مسلمز کے لئے ہے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کیوں دنیا کو نظر نہیں آتے۔ شہریار خان آفریدی اپنے خطاب کے دوران جموں کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے واقعات سناتے ہوئے کئی بار آبدیدہ ہوئے۔تقریب میں فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب نے شہر یار خان آفریدی کو ڈیلس میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا ویژن کشمیریوں کی آواز کو دنیا بھر میں اجاگر کرنا ہے اور کشمیر کمیٹی اس حوالے سے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کر رہی ہے لیکن اس حوالے سے مزید جارحانہ سفارتکاری وقت کی ضرورت ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب عرفان فضل ، پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے صدرعابد ملک نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ امریکہ میں مقیم ہر پاکستانی کا دل کشمیر کے لئے دھڑکتا ہے اور وہ ہمیشہ اپنے کشمیری بھائی بہنوں کے ساتھ رہے ہیں اور ساتھ رہیں گے۔ اس موقع پر حاضرین نے قومی کشمیر کمیٹی کے چئیرمین شہریار آفریدی سے سوالات بھی کئے جس کے انہوں نے جوابات دئیے۔تقریب میں ڈاکٹر عامر قریشی،عابد بیگ، ڈاکٹر منصور ، اقبال حسن،ڈاکٹر ریاض،شیخ اصیل ،حافظ وحید،خالد اسحاق سمیت ڈیلس کے عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں کشمیر کی موجودہ صورت حال کی عکاسی کرتے ہوئے انگریزی گی” کرلی روڈ” بھی پیش کیا گیاجسے حاضرین نے بہت سراہا۔