Saturday, April 20, 2024
ہومشوبزشرمیلا فاروقی عائزہ خان کے ڈرامے میں ہراسانی کولاپرواہی سے دکھانے پر برہم

شرمیلا فاروقی عائزہ خان کے ڈرامے میں ہراسانی کولاپرواہی سے دکھانے پر برہم

کراچی، پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے عائزہ خان کے ڈرامے میں جنسی ہراسانی جیسے حساس موضوع کو لاپرواہی سے دکھانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
عائزہ خان کے حال میں شروع ہونے والے ڈرامے لاپتہ کے ایک سین پر شرمیلا فاروقی نے تنقید کی ہے۔ اداکارہ عائزہ خان ڈراما سیریل لاپتہ میں گیتی نامی ٹک ٹاکر کا کردار ادا کررہی ہیں۔ ڈرامے کی ابھی صرف ایک قسط ہی نشر ہوئی ہے تاہم پہلی قسط میں دکھائے جانے والے ایک سین پر لوگوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ڈرامے کے سین میں عائزہ خان کو ایک دوکان سے خریداری کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور جب دوکاندار اس سے اپنے پچھلے بقایاپیسوں کا تقاضہ کرتا ہے تو گیتی اسے سوشل میڈیا کی طاقت کا مظاہرہ دکھاتے ہوئے دوکاندار پر غلط الزامات لگاکر ویڈیو بنانی شروع کردیتی ہے اور اسے بلیک میل کرتی ہے۔ جس پر دوکاندار گھبرا کر اپنے پیسوں کے تقاضے سے ہی دستبردار ہوجاتا ہے۔ڈرامے کے اس سین پر جہاں بہت سارے لوگوں نے تحفظات کا اظہار کیا وہیں شرمیلا فاروقی نے کسی پر ہراسانی کے جھوٹے الزامات لگانے کو ڈرامے میں اتنی لاپرواہی سے دکھانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا ڈراماسیریل لاپتہ کے ایک کلپ نے مجھے حیرت زدہ کردیا جس میں عائزہ خان کو گیتی کے کردار میں ایک دوکاندار کو ہراسانی کے جھوٹے الزامات لگاکر بلیک میل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔شرمیلا فاروقی نے لکھا یقین کریں ہراسانی ایک حقیقت ہے یہ تکلیف دہ ہے اور آپ کو تباہ کردیتی ہے۔ ہمارے ملک میں خواتین اپنے خلاف ہونے والے جرائم کی وجہ سے جہنم سے گزررہی ہیں۔ ایسے پاکستانی ڈرامے جو اس قسم کے مسائل کے بارے میں انتہائی بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہیں انہیں ملک بھر میں خواتین کو درپیش حقیقی مسائل کی ایسی ناقص عکاسی کی ذمہ داری لینے کی ضرورت ہے۔رکن سندھ اسمبلی نے مزید لکھا عام لوگ ڈراموں اور ان میں کام کرنے والے اداکاروں کو دیکھ کر انہیں سچ مانتے ہیں۔ آپ ان لوگوں کو کیا پیغام دے رہے ہیں؟ ہمارے ملک میں بڑے پیمانے پر خواتین اور انسانیت کے خلاف بھیانک جرائم میں بدقسمتی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اور اس طرح کے ڈرامے حالات کو مزید بدتر کرسکتے ہیں۔اس کے ساتھ ہی شرمیلا فاروقی نے عائزہ خان کی دوسرے ڈراموں میں پرفارمنس کی تعریف بھی کی۔