Friday, March 29, 2024
ہومپاکستان3 ماہ میں خزانے کو 50 کروڑ ڈالر کا نقصان حکومتی جرائم کا ثبوت ہے، شہباز شریف

3 ماہ میں خزانے کو 50 کروڑ ڈالر کا نقصان حکومتی جرائم کا ثبوت ہے، شہباز شریف

لاہور (آئی پی ایس ) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ صرف 3 ماہ میں قومی خزانے کو 50 کروڑ ڈالر یعنی 83 ارب روپے کا نقصان حکومتی جرائم کا ثبوت ہے۔ اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اسٹیٹ بینک اور نیپرا کی اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ کو مسلم لیگ(ن)کی سچائی اور حکومت کے جھوٹ کا ثبوت قرار د یتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مارکیٹ سے 30 فیصد مہنگی ایل این جی خرید کر عوام پر ظلم ڈھایا ہے، آج کیا ہورہا ہے نیب کو نظر نہیں آرہا ، وہ پانچ سال پرانے معاہدوں کو کھنگال رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیپرا کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا کہ ہم نے قوم سے جو کچھ کہا وہ حرف بہ حرف سچ تھا ، سستی بجلی پیداکرنے والے پلانٹس کو چلانے کے بجائے مہنگی بجلی پیدا کرکے قوم کی جیب کاٹی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کم پیداواری صلاحیت اور مہنگی بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس کو استعمال کرکے عوام کے مسائل بڑھائے گئے ہیں، مہنگے پاور پلانٹس کو چلانے سے ملک پر مالی بوجھ اور قرض بڑھ گیا ہے۔ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کی دوسری سہہ ماہی رپورٹ ثبوت ہے کہ ایل این جی کی وجہ سے بجلی کی لاگت میں کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ سیاسی انتقام سے بھری حکومت میں بھی ملک وقوم کے لیے ہماری خدمت اور دیانت کی گواہی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2017 سے 2020 کے دوران 234 ارب روپے کی بچت ہماری مخلصانہ عوامی خدمت کا ثبوت ہے، ہم نے جو محنت کی اس سے قوم کے پیسے کی بچت ہوئی اور عوام کو ریلیف ملا ہے۔