pakistani students scholorship 16

سعودی عرب کا 600 پاکستانی طلبہ کیلئے سکالر شپس کا اعلان

اسلام آباد(آئی پی ایس )سعودی عرب نے پاکستان کے 600 طلبہ کے لیے سکالر شپس کا اعلان کیا ہے،سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے 600 پاکستانی طلبہ کو 25 مختلف سعودی یونیورسٹیوں میں سکالر شپ دینے کا اعلان کیا ۔گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی تھی جس میں انہوں سعودی عرب کی جانب سے پاکستانی طلبا کو سکالرشپ دینے کے اعلان سے آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے سکالر شپ کے تاریخی اقدام پر سعودی حکومت اورسفیر نواف بن سعید المالکی کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پاک سعودیہ تعلقات کو چٹان سے مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا کہ خادمین حرمین شریفین کا احترام ہر مسلمان پر لازم ہے، پاک سعودی تعلقات گہرے اور تاریخی ہیں، دونوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کوئی شک نہیں سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر چلتا ہے، پاکستان کی سعود ی عرب کے ساتھ دلی اور روحانی وابستگی ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان، سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پہلے کبھی تنہا نہیں چھوڑا ہے اورنہ ہی آئندہ چھوڑیں گے، ہم پاکستان کو اپنا گھر سمجھتے ہیں اور اس کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔سعودی سفیر کے بقول پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دو بھائیوں جیسے ہیں، ترقی استحکام اور امن کے لیے سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

رائے کا اظہار کریں