Friday, March 29, 2024
ہومتازہ ترینسعودی عرب میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کیلئے خوشخبری

سعودی عرب میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کیلئے خوشخبری

سعودی عرب نے 160 ممالک کے طلبہ کی سہولت کے لیے ادرس فی السعودیہ (سعودی عرب میں تعلیم حاصل کریں)کے عنوان سے پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے۔ وزارت تعلیم اس کے تحت مختصر اور طویل المدتی تعلیمی ویزے جاری کرے گی۔ سعودی کابینہ نے مختصر مدتی اور طویل مدتی تعلیمی ویزا جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے یونیورسٹیوں میں طلبہ و طالبات اور سکالرز کو فائدہ ہوگا۔ انہیں یہ ویزا جاری کیا جائے گا۔ وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ تعلیمی ویزے کے اجرا کا مقصد منفرد استعداد رکھنے والے طلبہ و طالبات اور سکالرز کو سعودی عرب کے تعلیمی اداروں اور ریسرچ سینٹر اور انسٹی ٹیوٹ سے جوڑنا ہے۔ وزارت تعلیم نے بتایا کہ یہ ویزہ اساتذہ اور سکالرز کو بھی جاری کیا جائے گا۔ مختصر مدتی ویزا ایک سال کا ہوگا اور طویل مدتی ویزہ مکمل تعلیمی پروگرام کے لیے جاری کیا جائے گا۔
وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ 160 ممالک کے طلبہ اس سکیم سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔ 9 زبانوں میں ڈیٹا ریکارڈ کرنے کا موقع دیاجائے گا۔ ویزا درخواستیں متعلقہ اداروں کو پیش کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں مملکت میں تعلیمی کارروائی کو آسان بنایا جائے گا۔ غیرملکی طلبہ کے لیے سپانسر کی شرط نہیں ہوگی۔ یاد رہے کہ سعودی عرب، پاکستان کے لیے سکالر شپ سکیم منظور کیے ہوئے ہے۔ دونوں ملک تعلیمِ، تدریس اور ریسرچ کے مختلف پروگراموں سے جڑے ہوئے ہیں۔ نئی سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں پاکستانی طلبہ و طالبات اور سکالر بھی شامل ہوں گے۔