Friday, March 29, 2024
ہومپاکستانسردار تنویر الیاس، میر اکبر خان کی سالار ہاوس آمد، سردار سکندر کے انتقال پر اہلخانہ سے تعزیت

سردار تنویر الیاس، میر اکبر خان کی سالار ہاوس آمد، سردار سکندر کے انتقال پر اہلخانہ سے تعزیت

فتح پور تھکیالہ،پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر و سنیئر موسٹ وزیر سردار تنویر الیاس خان اور وزیر حکومت سردار میر اکبر خان کی سالار ہاوس نکیال آمد،سابق صدر و وزیر اعظم سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان کی وفات پر ان کے بھائیوں سردار سرفراز، سابق وزیر حکومت سردار نعیم اور فرزند سابق وزیرسردار فاروق سکندر و دیگر سے اظہار تعزیت کیا۔
سالار ہاوس میں اپنے تعزیتی کلمات میں سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آذاد کشمیر کی سیاست اور جمہوریت کو با وقار بنانے میں سالار جمہوریت کا نا قابل فراموش کردار تاریخ کے سنہرے باب میں رقم ہے۔آذاد کشمیر کی سیاست کے میدان میں سردار سکندر حیات خان نے انتہائی با وقار اننگز کھیلی،وہ ریاست کا بڑا اثاثہ تھے،سردار سکندر حیات جیسے لوگ روز نہیں پیداہوتے،ان کا خلا صدیوں میں پر نہیں ہو سکتا، سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ چند روز قبل میری ان کے ساتھ تفصیلی نشست ہوئی تھی جس میں سردار فاروق سکندر بھی موجود تھے،طے شدہ تاریخ کے مطابق دس اکتوبر کو میں نے ان کے ساتھ کھانے پر دوبارہ ملاقات کرنا تھی۔معلوم نہیں تھا کہ وہ اتنا جلدی ہمیں چھوڑ جائیں گے۔ جس اپنائیت اور چاہت کے ساتھ انہوں نے مجھے ویلکم کیا وہ ہمیشہ یاد رہے گا۔میری خوش قسمتی ہے کہ رحلت سے قبل انکے ساتھ ملاقات ہوئی۔سینئر وزیر نے مزید کہا کہ سردار سکندر حیات خان کے وہ اصول جن پر انہوں نے کبھی کمپرو مائز نہیں کیا وہ اہم ہیں۔انہوں نے ریاستی عوام کے وقار پر کبھی آنچ نہیں آنے دی۔ایکٹ 1974 کے علاوہ بعد کے اہم ترین سیاسی امور اور آئین و قانون سازی میں ان کا کلیدی کردار رہا ہے۔سردار تنویر الیاس خان نے سردار سکندر حیات خان کے لواحقین کو مخاطب کرکے کہا کہ سالار جمہوریت ایسی شخصیت تو ہمیں نہیں مل سکتی البتہ آپ کے خاندان کے پاس موجود ان کی لیجیسی بیش بہا قیمتی سرمایہ ہے۔کریلوی خاندان سے صرف کوٹلی کی ہی نہیں بلکہ پورے آذاد کشمیر کی عوام کی بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ اس خاندان کے ساتھ پوری ریاست کے معاملات جڑے ہوئے ہیں۔ آپ ہمت کر کے ان کے ترکے،اصول اور نظریے کو آگے لے کر چلیں۔سردار تنویر الیاس خان نے مرحوم کے بلند درجات کے لیے ان کے گھر میں فاتحہ خوانی کی اوربعد اذاں سالار جمہوریت کے مزار پر بھی حاضری دی۔