Saturday, April 20, 2024
ہومپاکستانسردار تنویر الیاس کی چڑھوئی آمد کے بعد حلقہ کی انتخابی صورتحال میں یکسر تبدیلی

سردار تنویر الیاس کی چڑھوئی آمد کے بعد حلقہ کی انتخابی صورتحال میں یکسر تبدیلی

چڑھوئی،صدر تحریک انصاف آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کی چڑھوئی آمد کے بعد حلقہ کی انتخابی صورتحال میں یکسر تبدیلی،پی ٹی آئی امیدوار شوکت فرید کی پذیرائی میں زبردست اضافہ،کانٹے دار مقابلہ متوقع،تحریک انصاف کے امیدوار کی کامیابی کے امکانات روشن ہوگئے۔
سردار تنویر الیاس کو حلقہ کے چھوٹے قبائل کی جانب سے خیر مقدم،چڑھوئی کا حلقہ چھوٹے قبائل کی وجہ سے آزادکشمیر بھر میں منفرد اور جداگانہ حیثیت کا حامل ہے۔ذرائع کے مطابق صدر تحریک انصاف گزشتہ روز ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں حلقہ چڑھوئی پہنچے تو تحریک انصاف کے کارکنون کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔سردار تنویر الیاس کے ضلع کوٹلی میں داخل ہوتے ہی سیاسی صورتحال میں زبردست تیزی اور گرم جوشی دیکھی گئی۔ضلع بھر کے پی ٹی آئی کارکنان صدر جماعت کے استقبال کے لیے امڈ آئے۔صدر تحریک انصاف کی ہدایت پر جملہ کارکنان حلقہ چڑھوئی کے ضمنی انتخاب میں جماعتی امیدوار کی کامیابی کے لیے سرگرم ہوگئے۔سردار تنویر الیاس کی کامیاب حکمت عملی اور پرکشش شخصیت کی وجہ سے چڑھوئی کے ضمنی انتخاب میں نیا جوش جذبہ اور تحریک پیدا ہوگی۔اس حلقہ سے 25جولائی کے انتخاب میں پیپلزپارٹی کے امیدوار چوہدری یاسین کامیاب ہوئے تھے۔کوٹلی شہر اور چڑھوئی کی نشست پر بیک وقت کامیابی کے بعد چوہدری یاسین نے چڑھوئی کی نشست چھوڑ دی تھی جس پر 10اکتوبر کو ضمنی الیکشن ہونا ہے۔حلقہ چڑھوئی سے تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر شوکت فرید ہیں جبکہ ان کا مقابلہ پیپلزپارٹی کے چوہدری عامر یاسین اور مسلم لیگ ن کے راجہ ریاست کے ساتھ ہے۔حلقہ میں تین بڑے امیدوار ہیں،مسلم لیگ ن کے امیدوار مقابلے کی دوڑسے باہر بتائے جاتے ہیں جبکہ اصل مقابلہ تحریک انصاف کے شوکت فرید اور پیپلزپارٹی کے امیدوار کے مابین ہے۔انتخابی مہم گزشتہ چند ہفتوں سے جاری ہے جو اب نکتہ عروج پر پہنچ چکی ہے۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی آمد کے باعث حلقہ میں سیاسی سرگرمیاں تیز تھیں کہ تحریک انصاف آزدکشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس بھی انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لیے چڑھوئی پہنچ گئے۔سردار تنویر الیاس بحیثیت صدر تحریک انصاف چڑھوئی پہنچنے کے بعد رابطہ مہم میں مصروف ہیں جہاں انہیں حلقہ کے چھوٹے قبائل تحریک انصاف کے کارکنوں اور تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔تنویر الیاس کی چڑھوئی آمد کے بعد تحریک انصاف کے امیدوار شوکت فرید کی پوزیشن میں نمایاں بہتری پیدا ہوئی ہے۔توقع کی جارہی ہے کہ دس اکتوبر کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار چڑھوئی سے بھاری اکثریت میں کامیاب ہوجائیں گے۔