Thursday, March 28, 2024
ہومتازہ ترینبرطانوی سیکرٹری صحت ساجد جاوید نے استعفیٰ دے دیا

برطانوی سیکرٹری صحت ساجد جاوید نے استعفیٰ دے دیا

برطانیہ کے سیکرٹری صحت ساجد جاوید نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم بورس جانسن آپ میرا اعتماد بھی کھوچکے ہیں۔

پاکستانی نژاد ساجد جاوید نے اپنے استعفے میں برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن سے کہا کہ آپ نے بطور رہنما جو اقدامات کیے اور جن اصولوں کی نمائندگی کی وہ آپ کی پارٹی اور ملک کی نمائندگی کرتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ کنزرویٹوز کو سخت فیصلہ ساز تصور کیا جاتا تھا، ہم ہمیشہ مقبول نہیں ہوئے لیکن قومی مفاد میں ہم نے بہت اہلیت کے ساتھ کام کیا۔

ساجد جاوید نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام اس نتیجے پر پہنچ رہی ہے کہ اب ہم نا تو درست فیصلہ ساز ہیں نا ہی ٹھیک اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے بورس جانسن سے کہا کہ پچھلے مہینے تحریک عدم اعتماد سے معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے اپنے ساتھی اس سے متفق ہیں، یہ وہ موقع تھا جب ایک نئی سمت کا تعین کرنا چاہیے تھا۔

لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ آپ کی قیادت میں صورتحال تبدیل نہیں ہو گی اور آپ میرا اعتماد بھی کھو چکے ہیں۔

ساجد جاوید نے مزید کہا کہ ملک کو ایک مضبوط اور بااصول کنزرویٹو پارٹی کی ضرورت ہے، اور پارٹی کسی بھی فرد سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے آپ کے ساتھ بہت وفاداری سے کام کیا لیکن ہم سب کی وفاداری سب سے پہلے ملک کے ساتھ ہے۔