Thursday, April 25, 2024
ہومدنیارمضان قادریوف کا اپنے 3کم عمر بیٹوں کو فوجی تربیت کے بعد یوکرین بھیجنے کا اعلان

رمضان قادریوف کا اپنے 3کم عمر بیٹوں کو فوجی تربیت کے بعد یوکرین بھیجنے کا اعلان

روس کی نیم خودمختار مسلم اکثریتی آبادی والی ریاست چیچنیا کے سربراہ رمضان قادریوف نے اپنے 3کم عمر بیٹوں کو یوکرین کے محاذ پر بھیجنے کا اعلان کردیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چیچن سربراہ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ والد ہی اپنے بچوں کو خاندان، عوام اور وطن کی حفاظت کرنا سکھاتا ہے اور وقت آگیا ہے میرے بیٹے حقیقی جنگ کا تجربہ حاصل کریں۔

انہوں نے بیٹوں کی فوجی تربیت لیتے ہوئے ویڈیو شیئر کی اور لکھاکہ بیٹوں نے فوجی تربیت لینا شروع کردی ہے اور ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد یوکرین میں اگلے محاذ پر لڑیں گے۔رمضان قادریوف کے بچوں کی عمر بالترتیب 14، 15 اور 16 سال ہے۔

خیال رہے کہ روس نے رواں سال 24 فروری کو یوکرین پر حملہ کیا تھا جس کے بعد سے جنگ جاری ہے۔ یوکرین کے خلاف جنگ میں روسی جمہوریہ چیچنیا کے فوجی دستے بھی شریک ہیں جبکہ روس نے جنگ سے حاصل شدہ یوکرین کے 4 علاقوں کو ضم کردیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔