8

شوہر پر فخر ہے جنہوں نے عمر شریف کے علاج کی حامی بھری،ریما خان

کراچی ،پاکستان کی سینئر اداکارہ ریما خان معروف کامیڈین عمر شریف کے علاج کے لیے حامی بھرنے پر اپنے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب کی معترف ہوگئیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر اداکارہ ریما خان نے عمر شریف کے ہمراہ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک پوسٹ ڈالی اورسینئراداکار کے علاج کی حامی بھرنے پر اپنے شوہر کا شکریہ بھی ادا کیا ۔ریما خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ عمر شریف برصغیر کے ایک معروف مزاحیہ اداکار اور ہمارے وقت کے لیجنڈ ہیں۔ وہ ہمیشہ دوسروں کو ہنسانے اور مسکرانے کے لیے بے حد محنت کیا کرتے تھے، آج یہ سن کر پریشان ہوں کہ وہ شدید بیماری کے باعث درد اور تکلیف میں ہیں۔اداکارہ نے لکھا کہ مجھے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب پر فخر ہے جنہوں نے عمر شریف کے اس ہائی رسک پروسیجر کے لیے حامی بھری اور امریکا منتقلی کے انتظامات میں ان کے اہل خانہ کی بھی مدد کررہے ہیں۔ریما خان نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا میری ڈاکٹر طارق شہاب سے درخواست ہے کہ عمر شریف کو اس بیماری سے صحتیاب ہونے میں ہر ممکن مدد فراہم کریں۔اداکارہ ریما نے اپنی پوسٹ میں دعا کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ عمر شریف کے علاج کے لیے میرے شوہر کے ہاتھ میں شفا دے۔خیال رہے اداکار عمر شریف کی طبیعت گزشتہ کچھ عرصے سے ناساز ہے۔ ان کے بیٹے جواد عمر کے مطابق عمر شریف دِل کے عارضے میں مبتلا ہیں جن کا علاج جاری ہے۔دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے بھی عمر شریف کے علاج سے متعلق میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیاہے جس نے اداکار کو بیرون ملک بھجوانے کے حوالے سے فیصلہ کیا۔مزید برآں سندھ حکومت نے علیل اداکار عمر شریف کو امریکا لے جانے کے لیے ائیر ایمبولنس کا بندوبست کردیا ہے جبکہ عمر شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کے حوالے سے آج ویزا ملنے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں