Saturday, April 20, 2024
ہومپاکستاناین اے 133 ضمنی الیکشن،جمشید اقبال چیمہ پی ٹی آئی کے امیدوار نامزد

این اے 133 ضمنی الیکشن،جمشید اقبال چیمہ پی ٹی آئی کے امیدوار نامزد

اسلام آباد ،پاکستان تحریک انصاف نے این اے 133 ضمنی الیکشن کیلئے معاون خصوصی جمشید اقبال چیمہ کو امیدوار نامزد کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت لاہور کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا فواد احمد چوہدری، شفقت محمود، اسد عمر، سینیٹر اعجاز چوہدری، رکنِ قومی اسمبلی عامر محمود کیانی، وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیرِ بلدیات میاں محمود الرشید نے شرکت کی ۔ملاقات میں لاہور کے سیاسی امور اور ضمنی الیکشن پر گفتگوکی گئی ۔اجلاس میں جمشید اقبال چیمہ کو متفقہ طور پر لاہور کے ضمنی الیکشن کیلئے پاکستان تحریکِ انصاف کی طرف سے امیدوار نامزد کر دیا گیا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں لکھا کہ عمران خان کی صدارت میں لاہور کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران پارلیمانی بورڈ نے این اے 133 کے ضمنی الیکشن کے لیے متفقہ طور پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما جمشید اقبال چیمہ کو امیدوار کے طور پر نامزد کر دیا۔واضح رہے کہ جمشید اقبال چیمہ معاون خصوصی برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی بھی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔پی ٹی آئی پہلی سیاسی جماعت ہے جس نے ضمنی انتخاب کے لیے امیدوار نامزد کیا ہے جب کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سمیت دیگر جماعتیں اپنے امیدوار فائنل نہیں کر سکی ہیں۔