Friday, April 19, 2024
ہومکھیلانتظار کی گھڑیاں ختم؛ پی ایس ایل 7 کا میلہ آج سجے گا

انتظار کی گھڑیاں ختم؛ پی ایس ایل 7 کا میلہ آج سجے گا

کراچی(آئی پی ایس )انتظار کی گھڑیاں ختم، چوکوں چھکوں کے طوفان نے کراچی کارخ کرلیا ،پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کا آج کراچی میں آغاز ہوگا۔تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا،تسلسل سے کورونا کیسز سامنے آنے کے باوجود ہر حال میں میلہ سجانے اور چوکوں، چھکوں سے خوف اڑانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مختصر افتتاحی تقریب میں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ کی پرفارمنس کے بعد دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز کی ٹیمیں مقابل ہوں گی،آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔نیشنل اسٹیڈیم میں تیاریوں کو حتمی شکل دی جا چکی ہے،میدان کی وسطی پچز تیار کرلی گئی ہیں، چیئرمین پی سی بی کی خصوصی ہدایت پر ٹریکس کو اسپورٹنگ رکھنے کی کوشش ہوئی ہے، شائقین بڑی بے تابی سے چوکوں، چھکوں کی برسات کے منتظر ہوں گے،وینیو کی تزیئن و آرائش میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی، اسٹیڈیم روشنیوں میں نہا رہا ہے،اطراف کی سڑکیں بھی فلڈ لائٹس سے روشن ہیں۔اسٹیڈیم کے گرد حفاظتی حصار تو کئی روز قبل ہی قائم کردیا گیا تھا،اب کو مزید مضبوط بنا دیا گیا ہے،رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد ڈیوٹی پر معمور ہے،ہوٹل سے اسٹیڈیم تک روٹس کی بھی کڑی نگرانی ہو رہی ہے،شائقین کو بھی سیکیورٹی مراحل اور کورونا کلیئرنس کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جائے گی۔