Thursday, March 28, 2024
ہومپاکستانپاکستان میڈیکل کمیشن نے ایک ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی

پاکستان میڈیکل کمیشن نے ایک ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی

اسلام آباد (قاضی بلال)پاکستان میڈیکل کمیشن نے اپنی ایک ماہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی ڈاکٹرز کی رجسٹریشن سمیت دیگر سینکڑوں شکایات کا ازالہ کر دیا گیا -وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تشکیل شدہ نئی پی ایم سی کونسل نے چارج سنبھالتے ہی ادارے سمیت طلبا اور ڈاکٹروں کے درینہ مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے پر کام شروع کیا۔ پی ایم سی کی نئی تعینات شدہ کونسل کے زیر انتظام ایک ماہ کے دوران اب تک 7290 سے زائد تجدیدی اور تصدیق شدہ لائسینس جاری کئے گئے،گڈ سٹینڈنگ سرٹیفکیٹ کے حوالے سے موصول ہونے والی 1801 درخواستوں میں سے 1085 گڈ سٹینڈنگ سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے، 454 اساتذہ/فیکلٹی ممبران کی رجسٹریشن کی جاچکی، 485 سے زائد پوسٹ گریجویٹ کلینکل قابلیت کی رجسٹریشن کی درخواستوں میں سے 338 رجسٹریشن کی جاچکی اور ایک ماہ کے قلیل عرصہ میں 186 غیر ملکی رجسٹریشن درخواستوں میں سے 110 غیر ملکی رجسٹریشن بھی کی جاچکی ہیں۔ صدر پاکستان میڈیکل کمیشن ڈاکٹر نوشاد احمد شیخ کا کہنا تھا کہ ادارہ پاکستان کے وسیع تر مفاد میں کام کر رہا ہے اور طلبا، ڈاکٹروں سمیت دیگر متعلقہ لوگوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کر رہا ہے۔صدر پی ایم سی کا کہنا تھا کہ ادارے کی اولین ترجیح لوگوں کو سہولت فراہم کرنا ہے اور اس میں کسی قسم کی بھی کوتاہی ناقابل برداشت ہے۔