Thursday, March 28, 2024
ہومپاکستانپی ڈی ایم مہنگائی کیخلاف سڑکوں پر آ گئی ،لاہور، کراچی سمیت کئی شہروںمیں مظاہرے

پی ڈی ایم مہنگائی کیخلاف سڑکوں پر آ گئی ،لاہور، کراچی سمیت کئی شہروںمیں مظاہرے

اسلام آباد / کراچی /لاہور /پشاور /کوئٹہ ،اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کی کال پر ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے،کراچی، لاہور، پشاور، سکھر سمیت مختلف شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا،لاہور میں پی ڈی ایم نے مندر چوک پر پڑا ئو ڈالا اور بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی، مظاہرین نے یوٹیلیٹی بلز اور روٹیاں اٹھا کر احتجاج کیا بعد ازاں اپنے بلز بھی جلائے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کی جانب سے مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک گیراحتجاج ہوا، مختلف شہروں میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قائدین اور کارکنان احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوئے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔کراچی کی مصروف ایمپریس مارکیٹ میں پی ڈی ایم نے احتجاجی جلسہ کیا جس میں بھی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھاکہ جمہوریت کا گلہ گھونٹ دیا گیا ہے، میڈیا پر قدغن لگائی جارہی ہے اور ملک کو آئی ایم ایف کی جھولی میں رکھ دیا گیا ہے۔خالدمحمود سومرو کا کہناتھاکہ جنات اور خلائی مخلوق آمنے سامنے آگئے ہیں، عوامی احتجاج کی آواز بنی گالہ تک سنی جارہی ہے۔ نہال ہاشمی کا کہنا تھاکہ ڈالر، چینی اور آٹا چور حکومت کو مسترد کرتے ہیں، جلد ہی عوام عمرانی حکومت کو گھر جاتا ہوا دیکھیں گے۔اس کے علاوہ قومی وطن پارٹی نے پشاور میں جلسہ کیا اور مری میں (ن)لیگ کے تحت مظاہرہ کیا گیا جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد، مہمند، زیارت، مینگورہ سمیت مختلف شہروں میں عوام سڑکوں پر آگئے۔ مظاہرین نے مہنگائی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظفرگڑھ میں جامع مسجد شہر والی (مین سٹی) سے ریلی نکالی گئی، مری مال روڈ پر شاہد خاقان عباسی کی زیر قیادت احتجاج کیا گیا، جھنگ میں وقار سی این جی پمپ ایوب چوک میں احتجاج کیا گیا ادھر استور میں مہنگائی کے خلاف مسلم لیگ نون استور کے زیر اہتمام بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مہنگائی کے خلاف مظاہرے کے باعث گلگت راولپنڈی سڑک پر ٹریفک معطل رہا۔سکھر میں مسلم لیگ نون کے کارکنوں نے گھنٹہ گھرچوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے مہنگائی میں اضافہ کرکے عوام کا جینا اجیرن کردیا ہے، نوکریوں کا اعلان کرنے والی پی ٹی آئی حکومت میں بیروزگاری عروج پر ہے۔لاڑکانہ میں مسلم لیگ نون کی جانب سے جناح باغ چوک پر احتجاج کیا گیا، جیکب آباد میں پیپلز پارٹی ہاری کمیٹی نے احتجاجی ریلی نکالی ، ریلی کے شرکا کاکہنا تھا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ چمن میں پی ڈی ایم نے میزئی اڈا میں احتجاج کیا اور کوئٹہ چمن شاہراہ پر ریلی نکالی جس کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ پرٹریفک معطل رہی، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے وادی زیارت میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔گوجرانوالہ میں چندا قلعہ بائی پاس کے قریب راستے بند کرنے کیلئے کنٹینرز رکھ دیئے گئے ۔ادھر پاکستان مسلم لیگ(ن) کی میزبانی میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے اتحاد میں شامل جماعتوں نے مہنگائی اور حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کے خلاف صوبائی دارالحکومت لاہور کے جین مندر چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا ، احتجاج میں پی ڈی ایم اتحاد میں شامل جماعتوں کے رہنمائوں اور کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، مظاہرین نے احتجاج کے دوران احتجاجاً بجلی اور گیس کے بل بھی نذر آتش کئے جبکہ کئی کارکنان علامتی کفن پہن کر شریک ہوئے ، مظاہرین گلے میں روٹیاںلٹکا کر اورہاتھوں میں برتن او ربجلی کے میٹرز پکڑ کر حکومت کے خلاف نعرے لگاتے رہے ۔ احتجاج کے باعث اور پولیس کی جانب سے راستے بند کرنے کی وجہ سے قرطبہ چوک، ایم اے او کالج، انارکلی، نابھہ روڈ، مزنگ روڈ، جین مندر، لٹن روڈ اور اطراف میں بدترین ٹریفک جام رہی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔ قبل ازیں لیگی رہنمائوں کی قیادت میں کارکنوں نے لاہور کے مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالیںجو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی جین مندر چوک میں منعقدہ مرکزی احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئیں۔ شرکاء سارے راستے مہنگائی اور حکومت کے خلاف اور اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔۔لیگی کارکنان بڑی تعداد میں موٹر سائیکل، گاڑیوں اور بسوں میں سوار ہو کر ریلیوں میں شریک ہوئے، دھرم پورہ سے سابق سپیکر سردار ایاز صادق ، خواجہ سلمان رفیق اور ملک وحید کی سربراہی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جو کہ فیروزپور روڈ سے ہوتی ہوئی جین مندر پہنچی۔قصور میں ن لیگ کی جانب سے ریلی نکالی گئی ،بہاولپور میں پی ڈی ایم نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا، کارکنوں کا کہناتھا کہ بے حس حکمرانوں کو عوام کاخیال نہیں جبکہ ڈیرہ غازی خان میں ریلی نکالی گئی ،جس میں کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔لاہور میں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ روزمرہ استعمال کی تمام اشیا مہنگی نہیں بہت مہنگی کر دی گئی ہیں، پی ٹی آئی نے پھلتا پھولتا پاکستان تباہ کر دیا،پاکستان کو ان نالائقوں، نااہلوں اور اداروں کو تباہ کرنے والے حکمرانوں کے ہاتھ یرغمال نہیں رہنے دیں گے۔ادھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے عوام سے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں عوام بھرپور شرکت کرکے حکومت پر عدم اعتماد کریں۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ مرکز، صوبے اور اضلاع میں پارٹی رہنما شہری و کارباری تنظیموں اور عوامی انجمنوں کے ساتھ اشتراک عمل کو یقینی بنائیں۔شہباز شریف نے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کو بھرپور بنانے کے لیے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں ۔شہباز شریف نے پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے صوبائی اور اضلاع کے صدور کو ہدایت جاری کی ۔ اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں عوام بھرپور شرکت کرکے حکومت پر عدم اعتماد کریں،ظالم حکومت سے نجات حاصل کیے بغیر ملک اور عوام کی معاشی حالت نہیں سدھرے گی۔ شہباز شریف نے کہاکہ حکومت کو مزید وقت دینے کا مطلب عوام کی مزید تباہی، مزید مہنگائی، مزید بے روزگاری ہے۔