Friday, March 29, 2024
ہومپاکستانپاکستان میں پہلے قومی سٹوڈنٹس سوسائٹیز نیٹ ورک کی تشکیل

پاکستان میں پہلے قومی سٹوڈنٹس سوسائٹیز نیٹ ورک کی تشکیل

اسلام آباد (آئی پی ایس) طلباء کی صلاحیتوں کو بروئے کارلانے ، انہیں معاشرے کا کا رآمد فرد بنانے اور جامعات میں غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے پاکستانی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی سطح کا سٹوڈنٹس سوسائٹیزنیٹ ورک تشکیل دیا گیا تاکہ ملک بھر کی جامعات میں غیر نصابی سرگرمیوں میں اپنی قابلیت کا لوہا منوانے والے اسٹوڈنٹس کو ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جاسکے اور جامعات میں قیام امن کے مقصد کو عملی جامہ پہنایا جا سکے ۔ اس حوالے سے اہم تقریب انٹر یونیورسٹی کنسورشیم برائے فروغ سوشل سائنسز کی جانب سے اسلام آباد کلب میں ہوئی جہاں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز سمیت سینیئر فیکلٹی ارکان نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وزیراعظم ٹاسک فورس برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے یونیورسٹی کیمپس میں طلباء کی سوسائٹیوں کلبوں کو مضبوط بنانے، انٹر یونیورسٹی تعاون کو فروغ دینے اور انٹر یونیورسٹی تعاون کو منظم کرنے کے ذریعے طلباء کی موثر شمولیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کی صلاحیتوں کو صحیح سمت میں موڑنے کیلئے محض نصابی تعلیم کارآمد نہیں بلکہ غیر نصابی سرگرمیاں بھی ضروری ہیں۔ جامعات کے طلبا میں رواداری کے فروغ کے لئے بین الصوبائی سرگرمیاں، انٹر یونیورسٹی پروگرامز ضروری ہیں۔ انہوں نے قومی سطح پر تشکیل پانے والے اسٹوڈنٹس سوسائٹیز نیٹ ورک کو سراہتے ہوئے اس اقدام کو کامیاب بنانے میں اپنے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے تعاون کا یقین دلایا ۔ قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے جامعات سے فار غ التحصیل اسٹوڈنٹس ملازمت فراہم کرنے والے اداروں کے معیار پر پورا اتریں تو انہیں کیمپس میں قائم طلباء سوسائٹیوں کا فعال رکن بننا چاہیے۔ ادارے ایسے طلباء کو ترجیح دیتے ہیں جو معاشرتی میل جول میں تجربات رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو اپنی شخصیت نکھارنے کے لیے یونیورسٹی کلب اور معاشرے کا فعال حصہ بننے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے طلبہ معاشروں اور کلبوں کے ذریعے سماجی شمولیت اور قومی یکجہتی کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔