Friday, March 29, 2024
ہومپاکستاندھڑکنیں تیز،دل بے تاب ، پاک بھارت ٹاکرا کل ہو گا

دھڑکنیں تیز،دل بے تاب ، پاک بھارت ٹاکرا کل ہو گا

اسلام آباد ،شائقین کرکٹ کا انتظار ختم ہونے کو ہے ، چار سال بعد پاک بھارت کرکٹ ٹیموں بڑے ایونٹ میں کل اتوار کو مدمقابل ہوں گی ، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہو گا، ملک بھر میں میچ دیکھنے کیلئے بڑی سکرینز نصب کی جائیں گی ،آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف اہم میچ کیلئے 12 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، تاہم پلیئنگ الیون کا فیصلہ کل کیا جائے گا۔
بھارت کیخلاف میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، فخر زمان، حیدر علی، شعیب ملک، محمد حفیظ، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، شاہین آفریدی اور حارث رئوف کو شامل کیا گیا۔بڑے میچ کیلئے دونوں ٹیموں نے ہی بھرپور تیاریاں کر رکھی ہیں جبکہ دنیا بھر میں شائقین کرکٹ بے صبری سے اس میچ کے منتظر ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی بہترین کھیل پیش کرنے کیلئے تیار ہیں، کرکٹ میں ریکارڈ ہمیشہ بنتے ہی ٹوٹنے کیلئے ہیں اور ہم کل ورلڈکپ میں بھارت کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش کریں گے، جس کیلئے بیٹنگ اور بالنگ کیساتھ ساتھ فیلڈنگ میں بھی محنت کرنا ہوگی۔پاکستان اور بھارت کے درمیان اگر ٹی ٹوئنٹی میچز کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو دونوں ٹیمیں اب تک 8 مرتبہ آمنے سامنے آئیں جس میں پاکستان صرف ایک بار فاتح رہا۔ پاکستان کو بھارت کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچز میں واحد فتح بنگلور کے مقام پر دسمبر 2012 میں ملی تھی جب اس نے بھارت کو 5 وکٹوں سے زیر کیا۔