37

ٹی 20 ورلڈ کپ : پاکستان انڈیا میچ کے ٹکٹ ایک گھنٹے میں ختم

دبئی (آئی پی ایس) شائقین کرکٹ اپنے پسندیدہ کھیل کو لائیو دیکھنے کا کوئی موقع ضائع نہیں جانے دیتے ایسے میں معاملہ ٹی 20 کرکٹ کا ہو تو شائقین مزید کوشش کرکے ٹکٹ حاصل کرنے اور گراؤنڈ پہنچنے کو یقینی بناتے ہیں۔ کچھ ایسا ہی معاملہ ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کے میچوں کے ٹکٹوں کی فروخت شروع کرنے کے بعد دیکھنے میں آیا جب پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والے میچ کے ٹکٹ ابتدائی چند منٹ میں ہی فروخت ہو گئے۔ چند روز بعد شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سخت حریف تسلیم کیے جانے والے پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ 24 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچوں کے ٹکٹ فروخت ہونے اور ٹکٹوں کے حصول میں کامیاب ہونے والوں نے اپنی خوشی کے اظہار کے لیے سوشل ٹائم لائنز کا رخ کیا تو بھرپور طریقے سے اپنے جذبات کا اظہار بھی کیا۔ پاکستان اور انڈیا میچ کے ٹکٹوں کی فوری فروخت کا ذکر ہوا تو کچھ صارفین نے یہ اطلاع بھی دی کہ ورلڈ کپ کے 69 ہزار اور ایک لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کے سب سے مہنگے ٹکٹ بھی اوپننگ کے کچھ ہی دیر بعد فروخت ہو گئے۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ انتظامیہ کی جانب سے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا تھا۔ 2007 میں انڈیا کے مقابلے میں صرف پانچ رنز سے فائنل ہارنے والی پاکستانی ٹیم 2009 میں یونس خان کی قیادت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا اعزاز اپنے نام کر چکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

رائے کا اظہار کریں