Wednesday, April 17, 2024
ہومدنیاپاکستان اور امارات کاروبار بڑھانے پر متفق

پاکستان اور امارات کاروبار بڑھانے پر متفق

ابوظبی (آئی پی ایس )ابو ظبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ڈائریکٹر جنرل محمد ہلال المھیری نے امارات میں پاکستان کے سفیر افضل محمود سےابوظبی میں چیمبر کے ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی۔ سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق ملاقات میں ابوظبی اور پاکستان میں کاروباری اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمد ہلال المھیری نے امارات اور پاکستان کے درمیان مضبوط معاشی اور تجارتی تعلقات کو اجاگر کیا اور کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم ان کے گہرے تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ابوظبی چیمبرپاکستانی کاروباری اداروں اور افراد کو ابوظبی میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع تلاش کرنے کے لیے درکار تمام خدمات پیش کرنے کیلئے مکمل طور پرتیار ہے۔ امارات میں پاکستان کے سفیر افضل محمود نے ابوظبی اور پاکستان میں کاروباری اداروں کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں ابوظبی چیمبر کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے ابوظبی میں کاروباری برادریوں اور امارات اور پاکستان کے درمیان معاشی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکومت نے اہم شعبوں میں امید افزا مواقع تلاش کرنے کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے کئی اقدامات کیےہیں ۔ افضل محمود نے کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک کو ایکسپو 2020 دبئی میں شرکت کے ذریعے قیمتی سرمایہ کاری اور شراکت داری کا موقع ملے گا۔ ملاقات میں ابو ظبی چیمبر کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل عبداللہ القبیسی اور ہلال محمد الحمیلی بھی مو جود تھے۔