Friday, April 19, 2024
ہومدلچسپ2سالہ بچے نے ماں کے موبائل سے ہزاروں ڈالر کا آن لائن آرڈرکردیا

2سالہ بچے نے ماں کے موبائل سے ہزاروں ڈالر کا آن لائن آرڈرکردیا

امریکی ریاست نیوجرسی میں خاتون اس وقت حیران رہ گئیں جب دو ہزار ڈالر کا سامان آن لائن خریداری کے نتیجے میں ان کے دروازے پر پہنچا اور آرڈر ان کے موبائل سے دو سالہ بیٹے نے دیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یو ایس ٹو ڈے نے این بی سی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مدھو کمار نامی خاتون نے فرنیچر کی کچھ اشیا خریدنے کے لیے کمپنی کی ویب سائٹ چیک کی تاہم کوئی چیز نہیں خریدی۔مدھو کمار کا کہنا ہے کہ ان کا خیال تھا کہ شاید آرڈر ان کے شوہر یا دو بڑے بیٹوں میں سے کسی نے دیا ہو، تاہم جب ان سے پوچھا تو انہوں نے لاعلمی ظاہر کی۔ایانش کے والدین کو یقین ہے جب وہ ماں کے موبائل فون کے ساتھ کھیل رہا تھا تبھی اس نے دو ہزار ڈالر کی اشیا کا آرڈر دے دیا تھا۔ایانش کے والد پرامود کمار کا کہنا ہے کہ انہوں نے خود جا کر سامان کو چیک کیا اور جب ادائیگی کا خانہ دیکھا تو اس کے لیے ادائیگی بھی کی جا چکی تھی۔دو سالہ بچے کی جانب سے جن اشیا کا آرڈر دیا گیا ان کی آمد کا سلسلہ ایک ہفتے تک جاری رہا، جس میں کرسیاں، گل دان اور کچھ دوسری چیزیں شامل تھیں، جن کو اب مدھو کمار نے گھر میں سجا رکھا ہے۔مدھو کمارکا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وہ بہت چھوٹا ہے، وہ بہت پیارا ہے، ہم اس پر ہنس رہے ہیں کہ اس نے ان تمام چیزوں کا آرڈر دیا۔مدھو کمار کے گھر والوں نے بتایا کہ جو چیزیں ان کو پسند ہیں وہ رکھ لیں گے جب کہ باقی واپس کر دیں گے۔ساتھ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئندہ وہ اپنے فون لاک کر کے رکھیں گے۔انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ اب ہم سخت پاس کوڈز ڈالیں گے یا پھر چہرے کی شناخت کا آپشن استعمال کریں گے۔