Tuesday, April 16, 2024
ہومدنیاشمالی کوریا کی طرف سے ایک اور میزائل تجربہ،امریکہ کی مذمت

شمالی کوریا کی طرف سے ایک اور میزائل تجربہ،امریکہ کی مذمت

شمالی کوریا نے منگل کے روز ایک بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا۔ امریکا نے اس کی مذمت کی ہے جبکہ اقوام متحدہ میں پیانگ یانگ کے سفیر نے اپنے ملک کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہتھیاروں کا تجربہ کرنا اس کا حق ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا نے منگل کی صبح کو ایک بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ اس سے چند گھنٹے قبل ہی اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے نمائندے نیتقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ملک کے خلاف دیگر ملکوں کی مخاصمانہ” پالیسیوں کی وجہ سے پیانگ یانگ کو ہتھیاروں کا تجربہ کرنے کا حق حاصل ہے۔ایک ماہ کے دوران شمالی کوریا کا میزائلوں کا یہ تیسرا تجربہ ہے۔ اس سے قبل اس نے ایک کروز میزائل اور دو بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا تھا۔ اقو ام متحدہ نے شمالی کوریا پر میزائلوں کے تجربات پر پابندی عائد کررکھی ہے۔شمالی کوریا کے میزائل کے تجربے کے فورا بعد جنوبی کوریا کی حکومت نے قومی سلامتی کونسل کی میٹنگ طلب کی اور میزائل تجربے کی مذمت کی۔ اس نے ایک بیان میں کہا،یہ ایک کم فاصلے تک پہنچنے والا میزائل تھا اور شمالی کوریا نے ایسے وقت اس کا تجربہ کیا ہے جب کوریا جزیرہ نما میں سیاسی استحکام کی صورت حال بہت نازک ہے۔”جنوبی کوریا اور امریکا کے حکام اس میزائل کا تجزیہ کررہے ہیں۔ اس دوران جاپانی وزیراعظم یوشی ہیڈے سوگا نے ایک بیان میں کہا کہ شمالی کوریا نے ایک میزائل کا تجربہ کیا ہے جو بیلسٹک میزائل” ہوسکتا ہے اور ان کی حکومت نے اپنی چوکسی اورنگرانی تیز کردی ہے۔امریکی وزارت خارجہ نے میزائل تجربے کی مذمت کی ہے اور پیانگ یانگ سے مذاکرات کی اپیل کی ہے۔امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ ، میزائل کا یہ تجربہ اقو ام متحدہ سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی ہے اور اس کی وجہ سے شمالی کوریا کے پڑوسی ممالک اور بین الاقوامی برادری کے لیے خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔” بیان میں مزید کہا گیا ہے، ہم شمالی کوریا کے ساتھ سفارتی رابطے کے اپنے عہد پر قائم ہیں اور ان کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔”شمالی کوریا کے سفیر نے مطالبہ کیا کہ امریکا جنوبی کوریا کے ساتھ اپنی مشترکہ فوجی مشقیں مستقل طور پر ختم کرے اور جزیرہ نما کوریا میں ہتھیاروں کی تنصیب بند کرے۔پیانگ یانگ کا کہنا ہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کا مقصد اس پر حملے کی تیاری ہے۔شمالی کوریا نے ممکنہ طور پر ایک اور میزائل تجربہ کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کی ملٹری کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ شمالی کوریا کی فوج نے ملک کے مشرقی ساحل کی جانب ایک نامعلوم پروجیکٹائل داغا ہے۔ جاپانی وزارت دفاع کے مطابق یہ بظاہر ایک بیلسٹک میزائل تھا۔ شمالی کوریا کے سفیر کم سانگ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا ہے کہ ان کے ملک کو قانونی دفاع کے حق سے کوئی بھی محروم نہیں رکھ سکتا اور یہ کہ ان کے ملک کو میزائل تجربات کرنے کا حق حاصل ہے۔