Friday, March 29, 2024
ہومپاکستانوزیر مذہبی امور کا وزیراعظم کو خط، نیا مطالبہ کردیا

وزیر مذہبی امور کا وزیراعظم کو خط، نیا مطالبہ کردیا

رمضان نشریات کے نام پر متنازع پروگراموں کا معاملہ ، وزیرمذہبی امور نورالحق قادری نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا ، خط میں رمضان پروگرامز کو مذہبی تعلیمات تک محدود رکھنے اور گیمز شوز کو بند کرنے اور اینکرز کیلئے مناسب لباس پہنے کی تجاویز دی گئی ہیں ۔

وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں نجی ٹیلی ویژن چینلز پر رمضان ٹرانسمیشن کیلئے تجاویز دی ہیں ۔وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مختلف چینلز سے رمضان ٹرانسمیشن اور پروگرام نشر کئے جاتے ہیں جس کے بعض میزبان مذہبی معاملات پر عبور نہیں رکھتے جس کی وجہ سے مختلف تنازعات جنم لیتے ہیں اور پھر سوشل میڈیا کے ذریعے اس پر تبصرے اور قیاس آرائیاں شروع ہوجاتی ہیں جو کسی صورت درست نہیں کیونکہ اس سے مزید بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔

نورالحق قادری نے کہا کہ انہی تنازعات سے بچنے کے لئے تمام میڈیا چینلز کے لئے کچھ رہنما اصول تجویز کئے گئے ہیں۔رمضان المبارک میں مذہبی پروگرام وہ میزبان یا شخصیت کرے جو مذہبی طور پر سلجھا ہوا اور تعلیم یافتہ ہو۔میزبان ، پروگرام پیش کرنے والے اور شرکا کا لباس مناسب ہو اور وہ رمضان المبارک کا احترام کریں ۔کسی بھی شخص کو متنازع مذہبی معاملات ،فرقہ واریت یا مذہبی شخصیات یا کسی بھی فرقہ کی مقدس شخصیات بارے کسی قسم کی بحث و مباحثہ کی اجازت نہ دی جائے۔

گیم شو اور تفریح مواد سحرو افطار سے قبل اور بعد نشر نہ کیا جائے اور نہ ہی یہ رمضان ٹرانسمیشن کا حصہ ہونا چاہئے۔ مذہبی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی رمضان ٹرانسمیشن کا بنیادی نقطہ ہونا چاہئے۔غیراخلاقی اور غیرمعیاری مواد ، اشتہارات وغیرہ رمضان المبارک کے دوران نشر کرنے سے گریز کیا جائے گا۔خط میں کہا گیا کہ اس حوالے سے وزارت اطلاعات اور پیمرا کو ہدایات جاری کی جائیں کہ تمام ٹی وی چینلز کو پابند کیا جائے ۔