Friday, November 14, 2025
ہومتازہ ترینغزہ میں استحکام کے لیے بین الاقوامی فورس بہت جلد تعینات کی جائے گی، امریکی صدر

غزہ میں استحکام کے لیے بین الاقوامی فورس بہت جلد تعینات کی جائے گی، امریکی صدر

واشنگٹن (آئی پی ایس) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ میں استحکام کے لیے بین الاقوامی فورس بہت جلد تعینات کی جائے گی۔العربیہ اردو کے مطابق واشنگٹن میں وسطی ایشیائی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ عشائیے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ تعیناتی بہت جلد ہونے والی ہے، اور غزہ میں حالات اطمینان بخش ہیں۔


انہوں نے کہا کہ غزہ میں زیادہ مسائل پیش نہیں آئےاور اگر فلسطین کی عسکری تنظیم کے ساتھ کوئی نئی مشکل پیدا ہوئی تو کئی ممالک نے مدد کی پیشکش کی ہے۔ساتھ ہی امریکی صدر نےفلسطین کی عسکری تنظیم کو خبردار کیا کہ اگر تنظیم نے دانش مندی سے کام نہ لیا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا نےاقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک قرارداد کا مسودہ پیش کیا، جس کا مقصد ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کی حمایت اور بین الاقوامی فورس کی تعیناتی کے لیے منظوری حاصل کرنا ہے۔امریکی مشن کے ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ میں امریکی سفیر مائیک والٹز نے یہ مسودہ سلامتی کونسل کے دس منتخب رکن ممالک کے علاوہ خطے کے کئی اہم شراکت داروں سعودی عرب، مصر، قطر، متحدہ عرب امارات اور ترکیہ کے سامنے بھی پیش کیا، تاہم ابھی اس پر رائے شماری کی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔