Friday, November 14, 2025
ہومپاکستانالیکشن کمیشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا

الیکشن کمیشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا

اسلام آباد (آئی پی ایس) الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے معزز ممبران، سیکرٹری اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 (ترمیم شدہ 2024) کے سیکشن 15 میں ضروری ترمیم درکار ہے، جس کے لیے الیکشن کمیشن متعدد بار وزارت داخلہ کو تحریری طور پر آگاہ کر چکا ہے۔

الیکشن کمیشن کو وزارت داخلہ کا آخری مراسلہ مورخہ 23 اکتوبر 2025 کو موصول ہوا، جس میں بتایا گیا کہ مجوزہ ترمیمی بل نیشنل اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس 21 اکتوبر 2025 میں پیش کیا گیا تھا تاہم اسے مزید غور کے لیے مؤخر کر دیا گیا۔

اجلاس میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ اسلام آباد کی مقامی حکومتیں 14 فروری 2021 کو اپنی آئینی مدت مکمل کر چکی ہیں اور اس وقت سے بلدیاتی انتخابات تاخیر کا شکار ہیں۔ چونکہ پہلے ہی کافی وقت ضائع ہو چکا ہے، مزید خط و کتابت سے اضافی تاخیر کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس 13 نومبر 2025 کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران مجوزہ ترامیم اور انتخابی عمل کے حوالے سے سیکشن 219(3) کے تحت وزارت داخلہ اور اسلام آباد انتظامیہ سے مشاورت کی جائے گی۔

اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو نوٹسز جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔