Friday, November 14, 2025
ہومپاکستانپمز برن سینٹر میں پلاسٹک سرجن کی تعیناتی چیلنج، اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین سے جواب طلب کرلیا

پمز برن سینٹر میں پلاسٹک سرجن کی تعیناتی چیلنج، اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین سے جواب طلب کرلیا

اسلام آباد (آئی پی ایس) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پمز ہسپتال میں پلاسٹک سرجن ڈاکٹر عبد الخالق کی بطورِ سپروائزر برن سرجن تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر وزارتِ صحت، ای ڈی پمز، پی ایم ڈی سی، شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اور ڈاکٹر عبد الخالق سے جواب طلب کر لیا۔

جسٹس خادم سومرو نے ڈاکٹر محمد ابرہیم و دیگر کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔
درخواست برن کیئر سینٹر کے ایک ڈاکٹر کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ڈاکٹر عبد الخالق پلاسٹک سرجن ہیں اور ان کے پاس برن مینجمنٹ کی مخصوص تعلیم نہیں ہے، ایسے شخص کو برن کئیر سینٹر کی نگرانی کی ذمہ داری دینا غیر قانونی اور مریضوں کی زندگیوں کے لیے خطرناک ہے۔

درخواست گزار کے وکیل ساجد حمید یوسفزئی نے موقف اختیار کیا کہ برن کیئر سینٹر میں کسی ایسے ڈاکٹر کو تعینات نہیں کیا جا سکتا جس کا اس شعبے سے براہ راست تعلق نہ ہو۔
درخواست میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عبد الخالق کی تعیناتی نہ صرف درخواست گزاروں کے حق کی خلاف ورزی ہے بلکہ عوامی صحت کے لئے بھی سنگین خطرات پیدا کرتی ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ پمز کے برن کیئر سینٹر میں کسی اہل اور مستند ڈاکٹر کو ہی سربراہ تعینات کیا جائے۔
عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔