اسلام آباد(آئی پی ایس) مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث کئی روز سے بند جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کی سڑکوں میں سے کچھ اہم شاہراہوں کو جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے جبکہ شہریوں کی مشکلات کے پیش نظر موبائل انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سے جاری مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔
متعدد مرکزی شاہراہوں پر کنٹینرز رکھ کر راستے بند کیے گئے تھے، جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
تاہم ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کی جانب سے عوامی مشکلات کے پیش نظر چند اہم راستے کھول دیے گئے ہیں۔
راولپنڈی میں اندرونِ شہر کے رہائشی علاقوں کو جانے والے راستے ٹریفک کے لیے بحال کر دیے گئے ہیں۔
مری روڈ کے اطراف واقع علاقوں کی گلیوں میں رکھی گئی رکاوٹیں بھی ہٹا دی گئی ہیں تاکہ شہری گھروں اور دفاتر تک آسانی سے پہنچ سکیں۔
اسلام آباد میں بھی ٹریفک جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔ ایکسپریس وے، نائنتھ ایونیو اور ڈبل روڈ کو ملانے والے راستے کھول دیے گئے ہیں۔
تاہم فیض آباد انٹرچینج بدستور سیل ہے اور اسلام آباد و راولپنڈی کے درمیان براہِ راست آمدورفت اب بھی محدود ہے۔ دوسری جانب موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ ایم-2 موٹروے (لاہور تا اسلام آباد) ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھول دی گئی ہے اور گاڑیوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔
ادھر شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے باقی بند راستے بھی جلد از جلد کھولے جائیں تاکہ تعلیمی ادارے، دفاتر اور کاروباری سرگرمیاں معمول پر آسکیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مزید راستے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
