Tuesday, September 17, 2024
ہومکالم وبلاگزاین آئی سی ایل کا تین کمپنیوں کو خلاف ضابطہ ایک کروڑ 76لاکھ کے ٹھیکے دیئے جانے کا انکشاف

این آئی سی ایل کا تین کمپنیوں کو خلاف ضابطہ ایک کروڑ 76لاکھ کے ٹھیکے دیئے جانے کا انکشاف

کمپنیوں کو بڈنگ پراس اور ٹینڈر جاری کئے بغیر ہی سیکیورٹی ، وینٹی لیشن اور مینٹیننس کے کنٹریکٹ دیئے گئے

اسلام آباد (ارمان یوسف)نیشنل انشورنس کمپنی لیمیٹڈ(این آئی سی ایل ) کی طرف سے خلاف ضابطہ طور پر تین کمپنیوں کو ایک کروڑ 76لاکھ سے زائد مالیت کے ٹھیکے دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے، مذکورہ کمپنیوں کو بڈنگ پراس اور ٹینڈر جاری کئے بغیر ہی سیکیورٹی ، وینٹی لیشن اور مینٹیننس کے کنٹریکٹ سے نوازا گیا، آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے ٹھیکوں کوقوائد کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے معاملہ پارلیمان کی پبلک اکائونٹس کمیٹی میں اٹھا دیا۔تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی طرف سے نیشنل انشورنس کمپنی لیمیٹڈ(این آئی سی ایل ) کے 2017 اور2019 کے آڈٹ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ ادارے کی طرف سے خلاف ضابطہ طور پر تین کمپنیوں کو ایک کروڑ 76لاکھ سے زائد مالیت کے ٹھیکے دیئے گئے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق کراچی ہیڈ آفس اور اسلام آباد زونل آفس کی طرف سے یکم دسمبر 2017کو ٹینکرز کے ذریعے پانی سپلائی کا 80لاکھ 48ہزار روپے کا ٹھیکہ این ایل سی کو بغیر ٹینڈر اور بڈنگ کے دے دیا گیا، علاوہ ازیں 29مارچ 2017کو بحریہ سیکیورٹی کمپنی کو ایک سال کیلئے سیکیورٹی فراہمی کا 54لاکھ 48ہزار روپے کا ٹھیکہ بھی بغیر ٹینڈر جاری کیا گیا، 26مئی 2019کو اورئینٹ انجیئرنگ کو ایئرکنڈیشن سسٹم کی مینٹیننس اور وینٹی لیشن کا ٹھیکہ بھی بغیر بڈنگ اور ٹنڈرنگ کے خلاف ضابطہ طور پر 42لاکھ میں دے دیا گیا۔آڈٹ حکام کے مطابق یہ معاملہ ڈرپیارٹمنٹل کمیٹی میں زیر بحث آیا تاہم حکام کی طرف سے اس حوالے سے ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔دوسری طرف این آئی سی ایل انتظامیہ کا موقف ہے کہ ٹھیکوں کیلئے تمام قوائد کی پیروی کرتے ہوئے اشتہار بھی جاری کیا گیا جبکہ بڈنگ کا پراسس بھی مکمل کیا گیا ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔