Tuesday, September 17, 2024
ہومتازہ ترینآزادکشمیرمیں کھیلوں کوفروغ دینے کیلئے کردار اداکرینگے، تنویرالیاس

آزادکشمیرمیں کھیلوں کوفروغ دینے کیلئے کردار اداکرینگے، تنویرالیاس

اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی و پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سردار تنویر الیاس خان سے آزادجموں کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن کے وفد کی وائس چیئرمین سردار عبدالروف قادری کی قیادت میں ملاقات ہوئی جس میں آزادجموں کشمیر الیکٹرانک میڈیا اینڈ فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سابق صدر خواجہ کاشف میر بھی موجود تھے۔ سردار تنویر الیاس خان نے آزادکشمیر میں کھیلوں کے میدان میں خدمات دینے والے تمام لوگوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وسائل کی کمی اور حکومتی سرپرستی کے بغیر فٹ بال ایسوسی ایشن کا قیام اور پورے آزادکشمیر میں سرگرمیاں قابل ستائش ہیں ، انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی ٹیم بلوچستان ، پشاور سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں جا کر کھیلتی ہے اور کھلاڑی اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں، یہ مثبت سرگرمیوں کے معاشرے کی ایک نشانی ہے کہ کھیلوں کے میدان آباد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے آزادکشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ فٹ بال سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پوری دنیا میں فٹ بال مقبول ترین کھیل ہے اور پاکستان میں بھی فٹ بال کھیلنے اور اس کھیل کو پسند کرنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مستقبل میں وفاقی حکومت اور اس سے منسلک کھیلوں کی وزارت اور ایسوسی ایشنز کے ساتھ ملکر آزادکشمیر میں کھیلوں کو فروغ دینے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر فٹ بال ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین سردار عبدالروف نے بتایا کہ آزادکشمیر میں فٹ بال ایسوسی ایشن کا قیام اور فعال ہونے کے پیچھے ایک متحرک ٹیم اور کھلاڑیوں کا کردار ہے ، مختصر مدت کے دوران ہماری ٹیم نے پاکستان کے بڑے شہروں سمیت آزادکشمیر کے میدانوں میں بہترین کھیل پیش کیا.عبدالروف قادری نے کہا کہ حکومتی ادارے اور کاروباری کمیونٹی ان کھیلوں سے منسلک ایسوسی ایشنز اور کلبز کی سرپرستی کریں تو ہمارے کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ بن کر بین الاقوامی مقابلوں میں شریک ہو کر کشمیر اور پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ اس ملاقات میں سردار عبدالروف قادری کے ہمراہ ریحان خان، سلمان احمد، عاقب ، علی زائد و دیگر شریک تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔