Friday, September 20, 2024
ہومپاکستان31 جنوری گزر گیا اپوزیشن کے استعفے نہیں آئے ،علی نواز اعوان، سید پور کیلئے مزید 2 کروڑ گرانٹ کااعلان

31 جنوری گزر گیا اپوزیشن کے استعفے نہیں آئے ،علی نواز اعوان، سید پور کیلئے مزید 2 کروڑ گرانٹ کااعلان

اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم کے معاونِ خصوصی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ 31 جنوری بھی گزر گیا اپوزیشن کے استعفے نہیں آئے،ہر دفعہ سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈ نگ ہوتی ہے ہم نے قانون سازی کرنا چاہی دونوں بڑی پارٹیاں بھاگ گئیں، سید پور میں چار کروڑ 70 لاکھ روپے کے پراجیکٹس پر کام جاری ہے، مزید دو کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتا ہوں – ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اسلام آباد کے علاقے سید پور میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا- اس موقع پر انہوں نے سید پور میں مختلف ترقیاتی منصوبوں جن میں سڑکوں کی تعمیرو پختگی، نئی سیوریج لائنزاور ایک گرانڈ شامل ہیں، کا افتتاح کیا – انہوں نے کہا کہ ہم اب تک حلقہ این اے 53 میں 2 ارب روپے سے زائد کا کام کروا چکے ہیں.سید پور میں جاری ان منصوبوں کی کل لاگت 4 کروڑ 70 لاکھ روپے ہے، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ ہم اپنے کام کرتے جارہے ہیں عوام کو گمراہ کرنے کے اپوزیشن کے منصوبے ناکام ہورہے ہیں، پی ڈی ایم اپنی موت آپ مر رہی ہے- انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن میں ہر دفعہ ہارس ٹریڈنگ ہوتی ہے ہم نے اوپن ووٹنگ کے لیے قانون سازی کی کوشش کی مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی دونوں پارٹیاں بھاگ گئیں یہ نیوٹرل امپائر برداشت نہیں کر سکتے، انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری حادثاتی لیڈرز ہیں ان کو کیا پتہ جدوجہد کسے کہتے ہیں. وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا آج 31 جنوری بھی گزر گیا اپوزیشن کے استعفے نہیں آئے یہ محض اپنی قیمتیں لگواتے ہیں، مولانا فضل الرحمن جنہیں مولانا کہتے شرم آتی ہے پہلے کہتے تھے پنڈی جا ئیں گے اب کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ سے صرف گلہ ہے – وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ آج پاکستان کے کاشتکار کو گنے کی ریکارڈ امدادی قیمت مل رہی ہے مہنگائی میں بتدریج کمی آ رہی ہے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں – علی نواز اعوان نے کہا کہ ہم بلا تفریق شہری اور دیہی علاقوں میں خدمت کر رہے ہیں جو آج تک ان علاقوں کے منتخب نمائندوں نے نہیں کی- انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے یا ایم سی آئی میں کرپشن برداشت نہیں کریں گے-انہوں نے بتایا کہ بری امام کے علاقے میں گیس کی فراہمی کا افتتاح اسی ماہ کریں گے- علی نواز اعوان نے سید پور میں ترقیاتی کاموں کے لئے مزید 2 کروڑ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر میونسپل کارپوریشن اسلام آباد میں اپوزیشن لیڈر راجہ شیراز کیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بلدیاتی الیکشن میں جیت کے باوجود 5 سال میں بھی کوئی اختیارات نہیں دیے گئے-

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔