اسلام آباد(آئی پی ایس) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے سول سرونٹس ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔
رانا محمود الحسن کی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی کابینہ سیکریٹریٹ کے اجلاس میں سول سرونٹس ترمیمی بل کی منظوری دیدی گئی۔ بل میں گریڈ 17 سے بالا سرکاری افسران پر اپنے اثاثے ظاہر کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
بل کے متن کے مطابق گریڈ17 سے بالا افسران اپنے غیرملکی اثاثے اور واجبات بھی ظاہر کریں گے، سرکاری افسران کو بیوی اور زیر کفالت بچوں کے اثاثے بھی ظاہر کرنا ہوں گے۔
مسودے کے مطابق اثاثوں کی تفصیلات ایف بی آر کو دی جائیں گی جو پبلک ہوں سکیں گی، معلومات عوامی مفادات اورشخص کی پرائیویسی کا خیال رکھ کر مشتہر ہوں گی، ذاتی معلومات، شناختی کارڈ نمبر، ایڈریس، بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات کا تحفظ کیا جائے گا۔
حکام اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق اس بل پر ہم نے ایف بی آر سے بہت طویل مشاورت کی، اس قانون کے بعد سول سرونٹس ملازمین اپنے اثاثے ظاہر کریں گے۔
رکن قائمہ کمیٹی سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ یہ ایک اچھی قانون سازی ہے، سینیٹر مسلم لیگ (ن) انوشہ رحمان نے کہا کہ ہم بھی اس بل کی مکمل حمایت کریں گے۔