Thursday, March 12, 2026
ہومپاکستانسی ڈی اے افسران ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس، غیر قانونی ایف آئی آرز پر شدید تشویش

سی ڈی اے افسران ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس، غیر قانونی ایف آئی آرز پر شدید تشویش

اسلام آباد(آئی پی ایس) سی ڈی اے افسران ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو باڈی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت جنرل سیکرٹری نعمت اللہ مسعود نے کی۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے افسران اور ملازمین کے خلاف درج کی گئی غیر قانونی ایف آئی آرز پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس اقدام کو ادارے کی ساکھ، کارکردگی اور ملازمین کے حوصلے پر منفی اثر ڈالنے والا عمل قرار دیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سی ڈی اے ایک خودمختار ادارہ ہے، جس کے اپنے قواعد و ضوابط اور سزا و جزا کا منظم نظام موجود ہے۔ ایسے میں ادارے کے ملازمین کو بیرونی اداروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا نہ صرف ناانصافی ہے بلکہ سی ڈی اے کے داخلی احتسابی عمل پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ مزید برآں، اجلاس میں اس امر پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا کہ جب سی ڈی اے کے پاس اپنا فعال سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ موجود ہے، تو دیگر اداروں کی مداخلت کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ اس طرح کے اقدامات سے ادارے کے اندر عدم تحفظ اور بے چینی کی فضا پیدا ہو رہی ہے، جو ملازمین کی کارکردگی کو متاثر کر سکتی ہے۔

اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی، جس میں چیئرمین سی ڈی اے سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ادارے کے افسران اور ملازمین کی مکمل سرپرستی کریں، کیونکہ یہ افراد اسلام آباد کی خوبصورتی اور ترقی کے لیے دن رات انتھک محنت کر رہے ہیں۔ قرارداد میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ آئندہ تمام انکوائریاں سی ڈی اے کے داخلی نظام کے مطابق کرائی جائیں اور کسی بھی غیر ضروری بیرونی مداخلت کو روکا جائے۔

اجلاس کے اختتام پر متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ جتنے بھی سی ڈی اے ملازمین ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں یا غیر منصفانہ مقدمات میں نامزد کیے گئے ہیں، انہیں فوری طور پر باعزت بری کیا جائے اور اس غیر منصفانہ طرز عمل کا سدباب کیا جائے۔ مزید برآں، ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ اگر ہمارے مطالبات پر مناسب عملدرآمد نہ کیا گیا تو ہم قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔