بیجنگ (آئی پی ایس )چین اور پنجاب نے اسموگ کے خاتمے اور جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے بیجنگ پنجاب کلین ائیر مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے دورہ چین کے دوران بیجنگ میں وزارت ایکالوجی اینڈ انوائرمنٹ کے وزیر سے ملاقات کی۔اس ملاقات میں مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے چین کاجدید انوائرمنٹ ماڈلز اپنانا چاہتے ہیں، پنجاب میں بڑے پیمانے پر شجر کاری اور جنگلات کی بحالی کے منصوبے شروع کیے ہیں۔
کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کے انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ کی جانب سے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے اعزاز میں بیجنگ میں خصوصی ظہرانہ دیا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی کیمونسٹ پارٹی آف چائنا انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ کے منسٹر لیو جیان چا سے بھی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات کے فروغ میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے،لوکل گورننس اور دیہی ترقی کیلئے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
اس کے علاوہ مریم نواز کی کیمونسٹ پارٹی آف چائنا انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ کی نائب منسٹر سن ہائی ین اور دیگرحکام سے بھی ملاقات ہوئی جس میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔دونوں جانب سے جامع شراکت داری کومزید وسعت دینے اور مضبوط کرنے کی ضرورت پربھی زور دیا گیا، مریم نوازنے پاک چین تعلقات کے فروغ کے لیے جڑواں صوبوں اور شہروں کی تجویز پیش کی اورپنجاب میں چینی سرمایہ کاری کے لیے بھرپور تعاون کی پیشکش کی۔
مریم نواز نے چین کے ماحولیات کے وزیر ہوانگ رنچیو سے بھی ملاقات کی اورپنجاب کو ماحولیاتی خطرات سے بچانے کیلئے چینی ٹیکنالوجی کی معاونت اورپنجاب میں حیاتیاتی تنوع ، جنگلی حیات کے تحفظ، اور شجرکاری منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ملاقات میں بیجنگ پنجاب کلین ائیر مشترکہ ورکنگ گروپ’ بنانے اور چین کے تعاون سے پنجاب میں ایڈوانس ائیر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ چین کے ماحولیات کے وزیر نے پنجاب میں ماحولیات کے حوالے سے مختلف منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
چین اور پنجاب کا اسموگ کے خاتمے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔