راولپنڈی(آئی پی ایس) سرکاری اسکولز کی نجکاری خلاف احتجاج کرنا اساتذہ کو مہنگا پڑگیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم نے ایکشن لیتے ہوئے پنجاب ٹیچرز یونین، ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن کے صدور اور سیکرٹریز معطل کردیا اور پنجاب ٹیچرز یونین، پنجاب ایجوکیٹر ایسوسی ایشن کے صدور، جنرل سیکرٹریز کو شوکاز نوٹسز بھی جاری کردیے۔
قاضی عمران، ملک امجد، اخیان گل، راجہ تیمور اختر سمیت دیگر کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز ہوگیا۔
اساتذہ نے احتجاجاً آج اسکولز کی تالا بندی کردی۔ اساتذہ کی ہڑتال سے تمام سرکاری اسکولوں میں تدریسی نظام مکمل بند ہوگیا۔
چیف ایگزیکٹو ایجوکیشن اتھارٹی نے اساتذہ کو وارننگ دی ہے کہ فوری ہڑتال احتجاج ختم کر کے تدریس شروع کی جائے۔
ادھر اساتذہ تنظیموں کا کہنا ہے کہ اسکولوں کی نجکاری قبول نہیں کریں گے۔ اساتذہ نے گرینڈ ٹیچرز الائنس کا اجلاس طلب کرکے سخت احتجاج کا نیا لائحہ عمل جاری کرنے کا اعلان کردیا۔