اسلام آباد (آئی پی ایس )ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال اور اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج نے حال ہی میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پولیس اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے “پولیس فیسلیٹیشن آن وہیلز” پروجیکٹ کے آغاز کے لیے میزبانی کی جس میں پولیس نے کالج اور ہسپتال کے طلبا، فیکلٹی اور عملے کو ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، لرنر پرمٹ کا اجرا اور دیگر متعلقہ معاونت کالج کے اندر فراہم کی۔
اس تقریب نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تعلیمی اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبوں کے درمیان قریبی تعلقات کو فروغ دینے میں ایک سنگ میل کاکردار ادا کیا۔تقریب میں چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک، اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ ارسلان شاہ زیب اور کیپیٹل پولیس کے دیگر اعلی حکام سمیت معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ ہسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عریج نیازی کو اسلام آباد کیپیٹل پولیس اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ہیلتھ کیئر اور میڈیکل ایجوکیشن کا سفیر نامزد کیا گیا، تقریب کے دوران ڈاکٹر عریج کے لئے پولیس بلیزر کی سفیر کے بیچ کے ساتھ رونمائی کی گئی۔.یاسر خان نیازی، کالج اور ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، نے اس موقع پر کہا کہ، “ہمیں اس اقدام کا حصہ بننے پر خوشی ہے جو نہ صرف ہماری کمیونٹی کو سہولت فراہم کرتا ہے بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہمارے تعلقات کو بھی مضبوط کرتا ہے۔
یہ تعاون روڈ سیفٹی اور عوامی بہبود کو فروغ دینے کے ہمارے عزم کی مثال ہے۔””صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں طلبا بڑی تعداد میں مستفید ہوئے۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سید عرفان احمد اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر خورشید احمد سمیت سینئر حکام، ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کرنل (ر)ڈاکٹر غلام مجتبی عباسی اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔ .سی ٹی او سرفراز ورک نے ہسپتال اور کالج انتظامیہ کا کمیونٹی سروس اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی میں تعاون پر شکریہ ادا کیا اور میڈیا کو بتایا کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پولیس اور اسلام آباد ٹریفک پولیس دارالحکومت میں ہر شہری کے لیے ضروری خدمات کا حصول آسان بنانے کے لیے “پہیوں پر پولیس کی سہولت” جیسے منصوبے شروع کرنے کے ساتھ سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے سخت محنت کر رہی ہے۔