Thursday, March 28, 2024
ہومپاکستانقومی اسمبلی، محسن پاکستان ڈاکٹر قدیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد متفقہ منظور

قومی اسمبلی، محسن پاکستان ڈاکٹر قدیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد متفقہ منظور

اسلام آباد،قومی اسمبلی میں محسن پاکستان اور ایٹمی سائنسدان مرحوم ڈاکٹر عبد القدیر خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کی مشترکہ قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی،قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان محسن پاکستان تھے۔ قومی اسمبلی کا ایوان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو سلام پیش کرتا ہے، یہ ایوان سمجھتا ہے کہ عبد القدیر خان نے پاکستان اور عالم اسلام کو دفاع کو مضبوط کیا، یہ ایوان ڈاکٹر صاحب کی خدمات کو سرکاری نصاب میں شامل کرنے کی سفارش کرتا ہے۔
جمعرات کو قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ وہ دکھ کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہیں کہ رکن قومی اسمبلی پرویز ملک ، ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اللہ کو پیارے ہو گئے ہیں۔ پرویز ملک اپنی شرافت اور اصول پسندی کی وجہ سے اس ایوان میں ہر دلعزیز تھے۔ اپنے بیگانے سب ان کے معترف ہیں، ان کی وفات سے قوم ایک مدبر اور معاملہ فہم رہنما سے محروم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو قوم مدتوں تک یاد رکھے گی۔ وہ نہ صرف محسن پاکستان بلکہ محافظ ملت اسلامیہ تھے۔ وہ 1936 میں بھوپال میں پیدا ہوئے جہاں سے وہ ہجرت کرکے پاکستان آئے۔ وہ ذوالفقار علی بھٹو کی دعوت پر بیرون ملک سے ملازمت چھوڑ کر پاکستان آئے اور ڈاکٹر قدیر کی وجہ سے پاکستان ایٹمی قوت بنا۔ ان کی وجہ سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بن گیا ہے۔ وہ اپنی اور اس ایوان کی جانب سے ان کی وفات پر پوری قوم سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اداکار عمر شریف ایک بڑا کردار تھے، انہیں بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر مولانا عبدالاکبر چترالی نے مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کرائی۔ایوان میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی پاکستان کے لئے خدمات کے اعتراف میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے لائی گئی دو الگ الگ قراردادوں کو یکجا کرکے ایوان میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان، پرویز ملک اور عمر شریف گزشتہ ہفتے وفات پا گئے ہیں، محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وجہ سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا، یہ ایوان محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی مغفرت کے لئے دعا گو ہے۔ ان کی پاکستان کے لئے خدمات کو سراہتا ہے جس کی وجہ سے پاکستان ناقابل تسخیر دفاع کا حامل ملک بنا۔ محسن پاکستان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پوری قوم اراکین اسمبلی اور مسلح افواج پاکستان وطن کے دفاع اور سالمیت کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتا ہے۔ یہ ایک عظیم قومی و ملی نقصان ہے۔ انہوں نے نامساعد حالات کے باوجود پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے اپنی زندگی وقف کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ انہوں نے ذاتی زندگی میں ایسی قربانیاں دیں جن کی مثال نہیں ملتی۔ ان کی زندگی اور کارناموں کو نصاب میں شامل کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان ان کی مغفرت کے لئے دعا گو ہے، بعد ازاں سپیکر نے قرارداد ایوان میں پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔