Friday, March 29, 2024
ہومپاکستاننیب کی شاندار کارکردگی ، 4سال میں بدعنوان عناصر سے 539ارب روپے وصول

نیب کی شاندار کارکردگی ، 4سال میں بدعنوان عناصر سے 539ارب روپے وصول

اسلام آباد،بدعنوانی ایک لعنت ہے جو غربت اور معاشرہ کی سماجی و معاشی ترقی کی راہ میں نہ صرف بڑی رکاوٹ بنتی ہے بلکہ دنیا بھر کے ممالک کو متاثر کرتی ہے۔
نیب اقوام متحدہ کے بدعنوانی کے خلاف کنونشن کے تحت پاکستان کا فوکل ادارہ ہونے کے ناطے کرپشن کی اس لعنت کو ختم کرنے اور احتساب سب کے لیے کی پالیسی اپناتے ہوئے پاکستان کو بدعنوانی سے پاک بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ نیب کو بطور انسداد بدعنوانی کے اعلی ترین ادارہ کے طور پر بدعنوانی ، بدعنوان عوامل کے خاتمے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جس کے لئے نیب آگاہی ، روک تھام اور نفاذ کی سہہ جہتی حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے۔ معاشرے سے اس برائی کے خاتمہ کے لیے قومی احتساب بیورو اپنی کثیر الجہت حکمت عملی کے ذریعے غیر متزلزل عزم کے ساتھ مسلسل کوشاں ہے جس کے قابل ذکر نتائج برآمد ہونے لگے ہیں۔ نیب کا قیام بدعنوانی کے خاتمے اور کرپٹ عناصر سے لوٹی گئی دولت برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرنے کے لیے لایا گیا ہے۔ جسٹس جاوید اقبال نے بطور چیئرمین نیب اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد نہ صرف ایک جامع اور موثر انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی متعارف کرائی بلکہ مختلف اقدامات بھی متعارف کرائے جن کے شاندار نتائج برآمد ہونے لگے ہیں۔ آج ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان ، ورلڈ اکنامک فورم ، گلوبل پیس کینیڈا ، پلڈاٹ اور مشال پاکستان جیسی نامور قومی اور بین الاقوامی ادارے نے نہ صرف بدعنوانی کے خاتمے کے لیے نیب کی کوششوں کو سراہتے ہیں بلکہ گیلانی اور گیلپ سروے میں 59 فیصد لوگوں نے نیب پر اپنا اعتماد ظاہر کیا ہے۔ جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں نیب نہ صرف آج ایک فعال ادارہ ہے بلکہ نیب نے گزشتہ 4 سالوں کے دوران بدعنوان عناصر سے بلواسطہ اور بلاواسطہ طور پر 539 ارب وصول کیے ہیں جو کہ پچھلے سالوں کے مقابلے میں قابل ذکر کامیابی ہے ۔ نیب کو اپنے آغاز سے اب تک 501723 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 491358 شکایات کو نمٹا دیا گیا ہے۔ نیب نے 16188 شکایت کی تحقیقات کی اجازت دی ہے ، جبکہ 15391 شکایت کی تھقیقات مکمل ہوچکی ہے۔ نیب نے 10297 انکوائریوں کا اختیار دیا جن میں سے 9260 انکوائریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ قومی احتساب بیورو نے 4693 تحقیقات کی اجازت دی ہے جن میں سے 4353 تحقیقات نیب نے مکمل کی ہیں۔ نیب نے 819 ارب روپے کی بالواسطہ اور بلاواسطہ اپنے قیام کے بعد سے اب تک برآمدکیے ہیں۔ نیب نے مختلف فاضل احتساب عدالتوں میں 3760 ریفرنس دائر کیے جن میں سے 2482 ریفرنسز کے فیصلے فاضل احتساب عدالتوں نے سنا دیئے ہیں۔ اس وقت 1278 ریفرنس جن کی مالیت 1335.019 ارب روپے ہے مختلف احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ نیب کو سارک اینٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئرمین منتخب کیا گیا۔نیب نے چین کے ساتھ پاکستان میں ہونے والے سی پیک کے منصوبوں کی نگرانی کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ نیب نے کمبائن انویسٹی گیشن ٹیم کا ایک نیا تصور متعارف کرایا ہے تاکہ سینئر سپروائزری افسران کے تجربے اور اجتماعی دانشمندی سے فائدہ اٹھایا جا سکے اور ٹھوس شواہد اور بیانات کی بنیاد پر انکوائریوں اور تفتیش کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ شہادتوں اور دستاویزی ثبوتوں کے علاوہ جدید ترین فرانزک سائنس لیب قائم کرنے کے علاوہ ڈیجیٹل فرانزک ، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ تجزیہ کی سہولیات موجود ہیں۔ نیب کے یہ اقدامات اسکا معیار ہیں۔ نیب نے مانیٹرنگ اینڈ ایولیویشن سسٹم کے ساتھ ساتھ ایک جامع کوانٹیفائیڈ گریڈنگ سسٹم بھی وضع کیا ہے تاکہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں نیب کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ نیب کی انفورسمنٹ اسٹریٹیجی کے مطابق نیب اپنے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں خود تحقیقات مکمل کرنے اور بعد میں بدعنوانی اور بدعنوان عوامل پر ریفرنس دائر کرنے کا ایک وقت مقرر کیا۔ نیب نے اپنے تمام علاقائی بیوروز میں شواہد اکٹھے کرنے کے لئے سیل بھی قائم کیے ہیں۔ اس وجہ سے، نیب ٹھوس دستاویزی شواہد کی بنیاد پر قانون کے مطابق فاضل عدالتوں میں اپنے مقدمات کی بھرپور پیروی کر رہا ہے اور اس کا مجموعی سزا کا تناسب تقریبا 66 فیصد ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں نیب کے بلا امتیازاقدامات نے طاقتوروں کے خلاف نیب کا وقار کئی گنا بڑھا دیا ہے کیونکہ نیب کا مقصد کرپٹ عناصر کو پکڑنا اور لوٹی ہوئی رقم قومی خزانے میں جمع کرانا ہے۔ جو نیب کے تمام افسران اور عملہ کی محنت کا نتیجہ ہے اوربدعنوانی کے خلاف جنگ کو قومی فریضہ سمجھ کر انجام دیا جا رہا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال شہریوں کو انصاف فراہم کرنے کا 40 سالہ تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے سیشن جج کوئٹہ سے اپنے کیریئر کاآغاز کرکے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان کے طور پر فرائض سرانجام دیئے۔ وہ دیانتدار، عزت و احترام کے ساتھ بے مثال اور متوازن شخصیت رکھتے ہیں۔ وہ انسانیت کی عزت نفس پر یقین رکھتے ہیں اور کسی بھی فرد کو کے وقار کو نقصان پہنچانے پر یقین نہیں رکھتے۔ چیئرمین نیب کی ہدایت پر تمام علاقائی بیوروز میں من و عن عمل کیا جا رہاہے۔ ۔نیب قانون پر عمل کرتے ہوئے سب کااحتساب یقینی بناتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمہ پریقین رکھتی ہے۔ چیئرمین نیب کی قیادت میں گزشتہ 4سال کے دوران نیب کی شاندار کارکردگی کے نتائج آئے ہیں۔ ہمیں بدعنوانی کے سرطان کے خلاف جنگ میں اجتماعی کردار ادا کرنا ہو گا جو کہ ہمارے معاشرے کے اخلاقی اقدار کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔ ہمیں نسل نو کے لئے بہترین اور خوشحال پاکستان چھوڑنا چاہیے۔