Thursday, March 28, 2024

وطن کی مٹی

تحریر:سید لعل حسین بُخاری

‎@lalbukhari

دنیا میں کوئی خوشبواتنی خوبصورت مہک نہیں رکھتی جتنا وطن کی مٹی کی سُوندھی سُوندھی مسحور کر دینے والی خوشبو۔

یہ وطن دینے والے قائداعظم محمد علی جناح اورعلامہ محمد اقبال ہمارے محسن ہیں۔

جن کی بدولت ہم آج ایک آزاد خودمختاراورباوقارملک میں رہ رہے ہیں حصول پاکستان میں ان لوگوں کا خون شامل ہے جوعملی طورپرجنگ آزادی میں شامل رہے انہوں نے اپنی اور اپنے پیاروں کی قربانیوں سے یہ ملک حاصل کیا ہم اُن کے بھی ممنون ہیں۔

جو لوگ اس ملک کی جڑیں کاٹنے میں مصروف رہتے ہیں وہ ان شہیدوں کے خون کے ساتھ غداری کے مرتکب ہوتے ہیں سب کچھ برداشت ہوسکتا ہے مگرمجھ جیسے لوگوں کے لئے اس وطن سے دشمنی کرنے والوں کو برداشت کرنا ناممکن ہوتا ہے۔

میں ان تمام سیاستدانوں،صحافیوں یا جرنیلوں یا کسی بھی شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کوقومی مجرم سمجھتا ہوں جوکھاتے بھی اس ملک کا ہیں اور چھید بھی اسی تھالی میں کرتے ہیں جس میں کھاتے ہیں۔ دیارغیرمیں زندگی بسرکرنے والے افراد وطن سے دوری کے غم اور دکھ اور وطن سے محبت کے جذبوں سے زیادہ آشنا ہوتے ہیں۔

وہ لوگ پردیس میں رہ کربھی ہر لمحہ اپنے وطن کا پہلے سوچتے ہیں اپنے پیاروں کا بعد میں۔ ان سے وہاں وطن کے خلاف ایک جملہ تک برداشت نہیں ہوتا۔ ان لوگوں کے بارے میں سوچ کے حیرانی ہوتی ہے جو وطن عزیزکے خلاف اغیار کے ساتھ مل کرسازشوں میں مصروف رہتے ہیں۔

ہمارے لئے ہمارا وطن ہماری پہلی ترجیح ہونا چاہیے۔ وطن ہے تو ہم سب ہیں وطن کی قدروقیمت ان قوموں سے پوچھیں جو آزاد ملک کے بغیر رہ رہے ہیں ان کی زندگیاں ہروقت داؤ پہ لگی رہتی ہیں۔ اس کی سب سے بڑی مثال فلسطین ہےبہت سے فلسطینی اسرائیل کے ظلم وستم کی وجہ سے اردن سمیت کئی دوسروں ملکوں میں ہجرت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

ہمیں ہروقت اللہ تعالی کا شکرگزارہونا چاہیےجس نے ہمیں وطن کی نعمت سے نوازا ہمیں ہر وقت اسکے تشخص کو بہتر بنانے کی کوشش کرنا چاہیے۔ خصوصا بیرون ملک رہنے والوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ جہاں بھی رہیں ملک کے سفیربن کے رہیں۔ کہیں بھی ملک کا نام بدنام نہ کریں اگر ہم کوئی بھی غلط کام کریں گے تو ہمارے ملک کا نام زیادہ بدنام ہو گا۔

ملک کا نام بدنام ہوگا توسبزپاسپورٹ کی عزت کم ہوگی جوپہلے ہی ہمارے ناجائزکرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے زمین بوس ہوچکی ہے۔ ان لوگوں کی کرپشن نے پاکستان اور پاکستانیوں کا کہیں کا نہیں چھوڑا

اللہ تعالی ہم سب کو پاکستان کی عزت،ناموس اور وقار بلند کرنے کی توفیق دے۔ آمین