Friday, March 29, 2024
ہومUncategorizedمحبت ایک بہت خوبصورت اور پاکیزہ رشتہ

محبت ایک بہت خوبصورت اور پاکیزہ رشتہ

تحریر : ارم رائے

محبت ایک خوبصورت لفظ، محبت خوبصورت استعارہ، محبت روح کی تکمیل، محبت وجہ دنیائے تکمیل،  محبت رشتوں کی مٹھاس، محبت انسانیت کی معراج، محبت دلوں کا ملاپ، محبت رشتوں کی تکمیل، محبت زندگیوں کی تکمیل، محبت احساس، محبت انسانیت، محبت خواب، محبت ایک خوبصورت حقیقت، محبت زمین سے آسمان تک بکھرا حسن ہی حسن۔

محبت ایک بہت خوبصورت اور پاکیزہ رشتہ ہے جس کی وسعت زمین سے آسمان تک ہے لیکن جانے کیوں ہم اس کا مطلب صرف دو نامحرم کے تعلق کو لیتے ہیں ؟ گوکہ یہ محبت کی ایک قسم ہوسکتی ہے لیکن صرف یہی محبت نہیں۔ محبت تو اپنے معنی میں بہت وسعت رکھتی ہے۔ اگر ہم اس دنیا کی تخلیق پر ہی نظر ڈالیں تو سوائے محبت کے ہمیں اور کچھ نظر نہیں اتا ہے۔ جب الله تعالیٰ نے اس کائنات کی تخلیق کی تو اس میں محبت ہی وجہ تھی۔ کیونکہ سب سے پہلے تخلیق آپ صلی الله عليه والہ وسلم کی ہوئی  یعنی آپ صلی الله عليه والہ وسلم ابتداء کائنات بھی ہیں اور انتہائے کائنات بھی اور وجہ صرف محبت۔ تو کتنی پاکیزہ ہوئی یہ محبت۔ ماں چاہے ایک بچے کی ہو یا سات بچوں کی لیکن فرق نہیں آنے دیتی سب بچوں سے یکساں محبت یکساں احساس یکساں خیال رکھنا وجہ کیا ہوئی محبت۔ بہن بھائی ایک دوسرے کے لیے جان دینے کو تیار وجہ کیا ہوئی محبت۔ پودے لگاؤ اسے یونہی چھوڑ دو مرجھا جائیں گے لیکن انہیں وقت دو پانی دو خیال رکھو پھر دیکھو کیسے پھلتے پھولتے ہیں۔ اسکی وجہ کیا ہوئی محبت۔ گھر بناؤ چاہے جتنا مرضی پیسہ لگاؤ لیکن اسے خالی چھوڑ دو تو وہ گھر نہیں کھنڈر بن جائے گا لیکن اسی گھر پر توجہ دوسجاؤ سنوارو خوبصورت چیزیں رکھو صفائی کرو وہی گھر چمکے گا خوبصورت لگےگا وجہ کیا محبت احساس خیال رکھنا۔ کھیت کھلیان خالی چھوڑ دو تو جڑی بوٹیاں اگیں گی جنگل بن جائے گا۔ لیکن اسی کھیت میں کیاریاں بناؤ ان کیاریوں میں مختلف سبزیاں لگاؤ، آناج لگاؤ، ان کا خیال رکھو کھاد دو وقت دو ہر کیاری سے وہی نکلےگا جسکا بیج بویا جس کا خیال رکھا۔ یہ بھی وجہ کیا ہے محبت کھیت سے محبت، کھلیان سے محبت، جب محبت کے معنی ہر چیز میں چھپے ہوئے پھر کیوں اس لفظ کو ایک ہی نظر میں رکھا جاتا ہے۔ کیوں صرف عورت اور مرد کے تعلق کو محبت کہا جاتا ہے کیوں صرف ایک تعلق تک محدود کیا جاتا ہے۔ چاند، تارے، سورج، دن، رات موسموں کا تغیر تبدل یہ سب محبت کے مرہون منت ہے۔ پھر صرف ایک تعلق تک محدود کرکے کیوں بدنام کیا جاتا ہے؟  اگر عورت اور مرد کی محبت بھی ہو تو کیا برائی ہے؟  الله نے جب مخالف جنس میں کشش رکھی ہے تو کیا حرج ہے کسی کو چاہا جانا؟  چاہے جانے کی خواہش تو ہر ایک کو ہوتی ہے نا۔ پھر چاہے دونوں جس بھی زات سے تعلق رکھتے ہوں یا برادری سے۔ پھر نہیں دیکھتی غربت کو امارت کو محل کو یا جھونپڑی کو.  بس دیکھتی ہے تو اپنے مطلوبہ شخص کی ایک پیار بھری نظر کو ایک لمحہ چاہت کا مل جائے تو وہ پوری کائنات مل جائے لگتا ہے۔ ہاں بس وہ محبت چاہت بدنام نہیں ہونی چاہیئے محبت کی معراج نکاح ہو محبت کی منزل نکاح ہو۔ چاہت کی منزل نکاح ہو۔ رشتہ تعلق کی انتہا نکاح ہو۔پھر یہی محبت پاکیزہ ہوتی ہے۔ یہی محبت کی معراج ہوتی ہے۔ یہی محبت ہے اور یہی محبت کی جیت ہے اور یہی اصل محبت ہے۔

اس لفظ کو قدر کریں۔ اس لفظ کو کائنات کی وسعت سے سمجھیں۔ نا کہ ایک رشتہ کے طور پر۔ اور رشتہ بھی وہ جسے غلط کہہ سکیں۔

@irumrai