mofa 20

پاکستان کی بھارتی فوج کی جانب سے سید علی گیلانی کا جسد خاکی چھینے جانے کی شدید مذمت

اسلام آباد،پاکستان نے جموں و کشمیر پر قابض بھارتی فورسز کی جانب سے تحریک آزادیِ کشمیر کے سینئر رہنما سید علی گیلانی کے جسد خاکی کو چھینے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان قابض بھارتی فورسز کی جانب سے سید علی گیلانی کے اہل خانہ سے سینئر حریت رہنما کے جسد خاکی کو چھینے جانے کے سفاکانہ عمل کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی ابتر صورت حال کا ناصرف نوٹس لینا چاہیے بلکہ بھارت کو بین الاقوامی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ٹھہرانا چاہیے۔خیال رہے کہ تحریک آزادیِ کشمیر کے سینئر رہنما سید علی گیلانی طویل علالت کے بعد گزشتہ روز خالق حقیقی سے جا ملے تھے اور ان کے اہل خانہ وصیت کے مطابق سید علی گیلانی کو مزار شہدا قبرستان سری نگر میں دفن کرنا چاہتے تھے لیکن بھارتی فورسز نے سید علی گیلانی کے اہل خانہ سے حریت رہنما کا جسد خاکی چھین کر انتہائی سخت سکیورٹی میں نامعلوم مقام پر ان کی تدفین کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

رائے کا اظہار کریں