Friday, March 29, 2024
ہومپاکستانپاک ایران تعلقات مشترکہ اقدار پر مبنی ، محبت و بھائی چارے کے رشتہ پر استوار ہیں، وزیر مذہبی امور

پاک ایران تعلقات مشترکہ اقدار پر مبنی ، محبت و بھائی چارے کے رشتہ پر استوار ہیں، وزیر مذہبی امور

پاک ایران تعلقات مشترکہ اقدار پر مبنی ، محبت و بھائی چارے کے رشتہ پر استوار ہیں ۔ یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے ایرانی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں باہمی تعلقات ،بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور حج انتظامات کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفد میں ایران کے وزیر عالمی امور جناب حسین روزبیہ ، نائب وزیر ثقافت عرب اسدی، جبکہ ایرانی سفارتخانے کے ثقافتی قونصلراحسان خزاعی، نائب سفیر سرخابی اور ڈی جی ثقافتی مرکز رحمان زاد شامل تھے ۔ مفتی عبدالشکور نے کہا کہ وہ پاکستان اور ایران کے مابین حکومتی اور عوام سطح پر تعلقات کے فروغ کے پرجوش حامی ہیں ۔ ایک دوسرے کی غم خواری، مسائل کے حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل پر غور و فکر کی تجویز ہے۔ ایران میں مذہبی شخصیات کے مزارات کی زیارت کیلئے سالانہ لاکھوں پاکستانی سفر کرتے ہیں ۔ وزارتِ مذہبی امور نے زائرین کی سہولت کیلئے زائرین منیجمنٹ پالیسی مرتب کی ہے۔ ایرانی حکومت پاکستان کی جانب سے بھجوائے گئے زیارت پالیسی سے متعلق باہمی یاداشت معاہدے کے مسودے کو جلد از جلد حتمی شکل دے ۔ پالیسی کے تحت ایران میں دفاتر ، پاکستان ہاوس کا قیام، کوئٹہ، تفتان میں سہولیات کو فروغ دیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں مسلکی تقسیم کا کوئی تصور نہیں

، ہر مسلک کا شخص اعلی ترین عہدوں پر فائز ہو سکتا ہے۔ مسلک کی بنیاد پر تقسیم کا بنیادی مقصد امت مسلمہ کو کمزور کرنا ہے ۔ ایران وزیر عالمی امور جناب حسین روزبیہ نے کہا کہ ایران کی خارجہ پالیسی کا بنیادی عنصر ہمسایہ ممالک سے بہترین تعلقات پر مبنی ہے۔ ایران قرآن مجید کی تعلیمات کی ترویج کیلئے سالانہ متعدد مسابقے منعقد کرواتا ہے۔ ان مسابقوں اور نہج اسلامی ، یکجہتی ، مشترکہ مسائل پر غور کیلئے ایران میں آئندہ ہونے والی کانفرنس میں وزیر مذہبی امور کو شرکت کی دعوت خاص دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران بھی مسلکی تقسیم کا حامی نہیں ، ایرانی بحریہ کے موجودہ سربراہ اہل سنت مکتب فکر سے تعلق رکھتے ہیں۔ ایران میں زیادہ تر جاری ترقیاتی منصوبے اہل سنت کے اکثریتی علاقوں میں ہیں۔ رہبر ایران کے فتوی کے مطابق اہل سنت کی مقدس شخصیات کی حرمت وعزت ہمارے لیے نہایت اہم ہے۔ زائرین منیجمنٹ پالیسی سے متعلق باہمی یاداشت کے مسودے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ دورہ ایران کے حوالے سے مفتی عبدالشکور نے کہا کہ موسم حج کے بعد ایرانی بھائیوں کی دعوت پر دورہ ایران میری اولین ترجیح ہو گا ۔