Friday, March 29, 2024
ہومپاکستانوائس چانسلرز کی استعداد کارمیں اضافے کیلئے نیشنل لیڈر شپ ورکشاپ کا انعقاد

وائس چانسلرز کی استعداد کارمیں اضافے کیلئے نیشنل لیڈر شپ ورکشاپ کا انعقاد

اسلام آباد،ملک بھر کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے کوہسار یونیورسٹی مری میں دو روزہ نیشنل لیڈر شپ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق انٹر یونیورسٹی کنسورشیم فار پروموشن آف سوشل سائنسز کے زیر اہتمام اے آئی پی ایس اور کوہسار یونیورسٹی کے باہمی اشتراک سے نیشنل لیڈر شپ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم ٹاسک فورس برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے چیئرمین ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ ہمارے اعلی تعلیمی ادارے روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔ تحقیق کے فروغ سے عالمی رینکنگ میں بہتر جگہ بنائی جا سکتی ہے۔ جامعات کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔ وائس چانسلرز نے ڈاکٹر عطا الرحمن کو جامعات کو درپیش مسائل بارے آگاہ کیا جس پر انہوں نے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔ انہوں نے کہا کہ جامعات تحقیق پر زور دیں طلبا کو غیر نصابی سر گرمیوں کے لئے بہتر پلیٹ فارم فراہم کریں۔ پاک آسٹریا فاکو شولے انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ریکٹر ڈاکٹر محمد مجاہد نے قومی اور بین الاقوامی لنکجز پر روشنی ڈالی اور پاک آسٹریا فاکو شولے کی کیس سٹڈی پر گفتگو کی۔ کامسٹیک کے کو آرڈینیٹر جنرل محمد اقبال چوہدری نے دنیا بھر میں کا مسٹیک کے جاری منصوبہ جات سے آگاہ کیا۔ یونیورسٹی آف آریگن سے انٹرنیشنل اسٹڈیز پروگرام کی پروفیسر ڈاکٹر انیتا وائس نے تحقیق اور فیکلٹی ٹریننگ کی اہمیت پر لیکچر دیا۔ میزبان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر حبیب بخاری نے تحقیقی فنڈز کے مواقع اور مسائل پر لیکچر دیا۔ دوسرے روز کی پہلی نشست میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر جاوید لغاری نے بہترین بین الاقوامی تجربات شرکا کے ساتھ شیئر کئے تاکہ پاکستانی جامعات بھی ان تجربات سے مستفید ہو سکیں۔ اعلی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل اور ممکنہ حل پر پینل ڈسکشن ہوئی۔ اختتام پر شرکا میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ اے آئی پی ایس کے ڈائریکٹر ندیم اکبر نے اے آئی پی ایس کے پروگرامز کے بارے میں آگاہ کیا۔ ورکشاپ میں سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر کامسیٹس ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی ، وائس چانسلر نیشنل سکلز یونیورسٹی ڈاکٹر مختار نے بھی لیکچرز دیئے۔ ورکشاپ میں پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی رسول کے وائس چانسلر ڈاکٹر رف اعظم، شاہ عبد الطیف یونیورسٹی آف خیر پور کے وائس چانسلر ڈاکٹر خلیل احمد، کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر ڈاکٹر محمد تبسم افضل، وومن یونیورسٹی راولپنڈی کی وائس چانسلر ڈاکٹر انیلا کمال، یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر ڈاکٹر جان محمد, اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر ڈاکٹر گل مجید خان ، یونیورسٹی آف بونیر کے وائس چانسلر ڈاکٹر امین بادشاہ، یونیورسٹی آف ایگریکلچر ڈیرہ اسماعیل خان کے وائس چانسلر ڈاکٹر مسرور الہی ببار، بابا گورو نانک یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد افضل، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد کی وائس چانسلر ڈاکٹر طیبہ ظریف، یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی بنوں کے وائس چانسلر ڈاکٹر خیر الزمان، یونیورسٹی آف فاٹا کے وائس چانسلر ڈاکٹر جہانزیب خان, میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے وائس چانسلر ڈاکٹر علی نواز مینگل و دیگر نے شرکت کی۔ ورکشاپ کے شرکا نے انٹر یونیورسٹی کنسورشیم کے نیشنل کو آرڈینٹر و ورکشاپ کے منتظم محمد مرتضی نور کی اعلی تعلیمی شعبہ کے لئے خدمات کو سراہا اور مستقبل میں بھی ایسی ورکشاپ کے انعقاد پر زور دیا۔