Thursday, March 28, 2024
ہومپاکستانقلندرز کی دھمال، لاہور نے مسلسل دوسری مرتبہ پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

قلندرز کی دھمال، لاہور نے مسلسل دوسری مرتبہ پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

لاہور (سب نیوز )ملتان کو شکست دے کر لاہور قلندرز مسلسل دوسری بار پاکستان سپر لیگ کا چیمپئن بن گیا، لاہور پہلی ٹیم ہے جس نے پی ایس ایل میں اعزاز کا دفاع کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)8کی ٹرافی کیلئے حتمی معرکہ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوا۔دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور لاہور نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 200 رنز بنائے اور ملتان کو جیت کیلئے 201 رنز کا ہدف ملا۔لاہور کی جانب سے عبداللہ شفیق 65، فخر زمان 39 اور شاہین آفریدی نے برق رفتار 15 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔ شاہین آفریدی نے 5 چھکے اور 2 چوکے بھی لگائے۔

ملتان کی جانب سے اسامہ میر نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔جواب میں ملتان سلطانز نے ڈٹ کر مقابلہ کیا تاہم مقررہ اوورز میں 199 رنز بناسکی اور ایک رن سے شکست کھا گئی۔ملتان کی جانب سے ریلی روسو 52 ، رضوان 34 اور خوشدل شاہ 25 رنز بناکر نمایاں رہے۔ لاہور کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی نے آل رائونڈر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، پہلے بیٹنگ میں انہوں نے 44 رنز بنائے اور پھر ہدف کے دفاع میں 4 کھلاڑیوں کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔راشد خان نے دو جبکہ ڈیوڈ ویسا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ فائنل میچ سے قبل ایونٹ کی رنگا رنگ اختتامی تقریب بھی ہوئی جس میں نامور فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔