15

لاہور ہائیکورٹ کا کرکٹ میچز کے دوران سٹرکیں اور ٹریفک نہ بند کرنے کا حکم

لاہور (آئی پی ایس )لاہورہائیکورٹ نے کرکٹ میچز کے دوران قذافی اسٹیدیم کے اطراف ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کا حکم دیتے ہوئے ہوم سیکرٹری پنجاب کو جواب سمیت 11اکتوبر کوطلب کرلیا۔لاہور ہائیکورٹ نے ہدایت کی ہے کہ شہر میں کرکٹ میچز کے دوران سٹرکیں اور ٹریفک بند نہ کی جائیں۔لاہور ہائیکورٹ میں شہر میں میچز کے دوران سٹرکوں پر ٹریفک جام رہنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ سی ٹی او لاہور ، ایس ایس پی ٹریفک ، پی سی بی حکام عدالت میں پیش ہوئے۔درخواست گزار نے کہا کہ شہر میں میچز کے دوران سٹرکوں پر ٹریفک جام ہوا اور پندرہ لاکھ گاڑیاں ٹریفک میں پھنسی رہیں۔چیف ٹریفک پولیس افسر (سی ٹی او)نے بتایا کہ پولیس پالیسی نہیں بناتی بلکہ ہمیں ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ہدایت تھی کہ زیرو ٹریفک دیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ دو دن سے میں خود ٹریفک میں خوار ہورہا ہوں، مریض ایمبولنس میں مرجاتے ہیں، غیر ملکی ٹیم ہو تو اتنی سیکیورٹی سمجھ میں آتی ہے، یہ تو ڈومیسٹک کرکٹ ہے اس میں اتنا کیوں کر رہے ہیں، کل کبڈی والے بھی مطالبہ کرنا شروع کردیں تو کیا ہوگا، آگے غیر ملکی ٹیمیں بھی آجائیں تو کیا ہوگا، ہم نے تین سال میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے بہت کاوشیں کی ہیں، لیکن اب لاہور میں اسموگ دوبارہ شروع ہوگئی، اسموگ ہر سال تباہی پھیر دیتی ہے، پوری دنیا میں ماحولیاتی آلودگی سے ستر لاکھ لوگ مرتے ہیں، ہم شہر کی فضا کے ساتھ ایسا کھیل نہیں کھیل سکتے۔پی سی بی حکام نے کہا کہ ہم وزارت داخلہ کو تمام ہدایتیں دیتے ہیں کہ ٹیموں کی سیکیورٹی کے پیش نظر اقدامات کیے جائیں۔عدالت نے کہا کہ پی سی بی بڑے ایونٹ کرواتا ہے، قذافی اسٹیڈیم کے پاس ہوٹل میں ٹیموں کو ٹھہرائیں، قذافی اسٹیڈیم میں آپ نے لوگوں کے کاروبار بند کروا دیے، آپ راستے بند نہ کریں۔عدالت نے حکام کو ہدایت کی کہ آپ ٹیموں کو اسٹیڈیم تک پہنچانے کیلئے سگنل فری راستہ اختیار کریں، راستے بند نہیں ہونے چاہئیں۔ عدالت نے سی ٹی او لاہورکوٹریفک رواں دواں رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے ہوم سیکرٹری پنجاب کو جواب سمیت 11 اکتوبر کوطلب کرلیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

رائے کا اظہار کریں