Thursday, March 28, 2024
ہومپاکستانکامیاب جوان پروگرام کے تحت نیشنل یوتھ کونسل ارکان کیلئے تربیتی ورکشاپ کاانعقاد

کامیاب جوان پروگرام کے تحت نیشنل یوتھ کونسل ارکان کیلئے تربیتی ورکشاپ کاانعقاد

اسلام آباد، کامیاب جوان پروگرام کے تحت نیشنل یوتھ کونسل کے ارکان کیلئے تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا میرٹ ہوٹل اسلام آباد میں اہتمام کیا گیا جس کی اختتامی تقریب میں وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے شرکت کی اور کونسل کے ممبران سے خطاب کیا۔
انھوں نے نوجوانوں کی فلاح اور ترقی میں کامیاب جوان پروگرام کے شاندار کردار کو سراہا جو کہ مختلف منصوبوں کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار اور خود کفیل بنا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو درست سمت دکھائی، وہ نوجوانوں کو اقبال کا شاہین بنانا چاہتے ہیں جس کی پرواز بہت اونچی ہو۔کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کو ڈیجیٹل پاکستان کا حصہ بنا رہا ہے۔ نیشنل یوتھ کونسل کے ممبران پاکستان کے نمائندہ اور سفیر ہیں۔معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل کا بنیادی مقصد نوجوانوں کی آواز کو مرکز تک پہنچانا اور پاکستان کی نمائندگی کرنا ہے۔” نوجوانوں کا گلہ تھا کہ ہمیں سنا نہیں جاتا اس لئے ہم نے نیشنل یوتھ کونسل بنانے کا فیصلہ کیا۔ عثمان ڈارمعاون خصوصی نے نیشنل یوتھ کونسل کے ممبران کی صلاحیتوں پر فخر کا اظہار کیا اور نوجوانوں کی ترقی کا بل پارلیمنٹ سے پاس کروانے کی یقین دہانی کرائی۔ معاون خصوصی برائے امور نوجوانان نے ورکشاپ کے انعقاد میں یو این ایف پی کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کیا اور نیشنل یوتھ ڈیولپمنٹ فریم ورک کو فعال بنانے کے حوالے سے یو این ایف پی کے نمایاں کردار اور کونسل کے ممبران کی سرگرمیوں کو سراہا۔