Friday, March 29, 2024
ہومپاکستانآرمی چیف کی سپاہی حزب اللہ جتوئی شہید کے خاندان سے ملاقات

آرمی چیف کی سپاہی حزب اللہ جتوئی شہید کے خاندان سے ملاقات

راولپنڈی(آئی پی ایس )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہتھیاروں کااستعمال اورتربیت جنگی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اہم ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے پنو عاقل کا دورہ کیا، اس دوران انہیں پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں ، صحرائی تربیت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے جوانوں سے ملاقات بھی کی ۔ جوانوں نے جنگی مشقوں کا مظاہرہ کیا۔ آرمی چیف نے فیلڈ فائرنگ، رینج صالح پٹ میں تربیتی مشقوں کامشاہدہ کیا۔ جنرل باجوہ نے جنگی تیاریوں، تربیتی معیار اور صحرامیں نامساعد حالات کے اندر فارمیشن کی مشقوں کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جوانوں نے صحرا میں دفاع، فائر اور دیگرمشقیں کیں، سپہ سالار نے جوانوں کی جنگی تیاریوں، تربیتی معیار اور جذبے کو سراہا۔ صحرائی حالات میں ماحولیات کے تحفظ اور دفاع کی کوششوں کی تعریف بھی کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے سرسبزپاکستان مہم کے تحت پودابھی لگایا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہتھیاروں کا استعمال اور تربیت جنگی صورت حال سے نمٹنے کیلئے اہم ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پنو عاقل کے گائوں دتر دینو میں سپاہی حزب اللہ جتوئی شہید کے خاندان سے بھی ملاقات کی، سپاہی حزب اللہ 5 ستمبر 2021 کو کوئٹہ میں بارودی سرنگ پھٹنے سے شہید ہو گیا تھا۔ آرمی چیف نے خاندان سے خیریت دریافت کی اور وطن کے دفاع کے لیے قربانی دینے والے شہدا کے خاندانوں کی اچھی کفالت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔