Friday, March 29, 2024
ہومپاکستاندرختوں کی بڑے پیمانے پر کٹائی کا معاملہ،سی ڈی اے نے غوری ٹائون کے مالک کی سزا معطلی کا حکم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

درختوں کی بڑے پیمانے پر کٹائی کا معاملہ،سی ڈی اے نے غوری ٹائون کے مالک کی سزا معطلی کا حکم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

اسلام آباد(آئی پی ایس)غوری ٹاون کے مالک پر دریائے کورنگ کو تنگ کرنے اور ہزاروں درخت کاٹنے کا مقدمہ ،سی ڈی اے نے ٹاون مالک چودھری عثمان کی سزا معطلی کا حکم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ۔پیر کو سی ڈی اے کی جانب سے ڈی جی لا نعیم اکبر ڈار اور حسنین حیدر تھہیم ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیشن کورٹ کو مزید سماعت سے روک دیا۔حکم امتناع جاری کردیا گیا ۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملزم چودھری عثمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 26 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا۔سینئرسپیشل مجسٹریٹ سردار آصف نے قدرتی ماحول تباہ کرنے پر غوری ٹاون کے مالک کو سزا سنائی تھی ۔غوری ٹاون کے مالک چودھری عثمان کو 3 سال قید، ڈیڑھ ارب روپے جرمانے کی سزا ہوئی تھی ۔غوری ٹاون کے مالک کو ایک ارب روپے کے پودے بھی لگانے کا حکم بھی دیا گیا تھا ۔غوری ٹاون کے مالک پر زرعی علاقے میں تباہی مچا کر ماحول کو 3 ارب کا نقصان پہنچانے کا الزام تھا ۔سی ڈی اے کے شعبہ ماحولیات نے غوری ٹاون کے مالک کیخلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔سیشن کورٹ نے سزا معطل کرکے غوری ٹاون کے مالک چودھری عثمان کو رہا کردیا تھا ۔سی ڈی اے نے موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد کا ماحول تباہ کرنے والے ٹاون مالک کی سزا معطل کرنا سیشن کورٹ کا اختیار نہیں۔